• news

عمران کو قتل کی دھمکی، رائے قمر کا 7 روزہ ریمانڈ منظور 


حافظ آباد‘ گوجرانوالہ (نمائندہ نوائے وقت+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) عمران خان کو لیگی کنونشن کے دوران قتل کی دھمکی دینے والے سابق وائس چیئرمین رائے قمرالزمان کو پولیس نے گذشتہ روز دہشت گردی کورٹ گوجرانوالہ میں پیش کر کے سات دن کا ریمانڈ حاصل کر لیا۔ سابق وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطاء تارڑ، ن لیگ کے ضلعی صدر محمد بخش تارڑ اور سابق ناظم امجد پرویز چٹھہ نے قبل ازگرفتاری ضمانت کروالی۔ دوسری جانب پولیس نے گذشتہ رات مقدمہ میں نامزد مختلف ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے بھی مارے۔ احاطہ عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر وزیراعظم عطاء تارڑ نے کہا  کہ عمران خان پر فائرنگ کا جو افسوسناک واقعہ ہوا اس کا آج تک مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ وزیر آباد واقعہ کی ایف آئی آر جتنی لیٹ ہو گی انوسٹی گیشن اتنی خراب ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کہتے ہیں فائرنگ واقعہ کا مقدمہ وزیراعظم، وزیر داخلہ یا فوجی افسر کے خلاف دیا جائے جبکہ پنجاب میں حکومت میاں شہباز شریف کی نہیں ہے اور نہ یہاں کے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ ہیں۔ واقعہ پنجاب میں پیش آیا اور یہاں حکومت ان کی اپنی ہے۔ پنجاب میں سکیورٹی جن کی ذمہ داری تھی ان کیخلاف مقدمات درج ہونے چاہئیں۔

ای پیپر-دی نیشن