• news

بابا گورونانک جنم دن کی مرکزی تقریب آج، دنیا بھر سے ہزاروں سکھ شریک ہونگے 


لاہور ننکانہ صاحب‘ فاروق آباد‘ شیخوپورہ (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار + نمائندہ خصوصی + نمائندہ نوائے وقت) سکھوں کے روحانی پیشوا بابا گورونانک کے جنم دن کی مرکزی تقریب آج ہو گی۔ بھارت سمیت دنیا بھر سے ہزاروں سکھ یاتری شریک ہوں گے۔ بابا گورونانک کے 553ویں جنم کی تقریبات کے دوسرے روز بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے ہزاروں سکھ یاتری گورودوارہ جنم استھان میں اپنی مذہبی رسومات جن میں متھاٹیکی، اکھنڈ پاٹھ، شبد کیرتن، اشنان، ارداس اور گورودواروں کی یاترا شامل ہے کی ادائیگی میں مصروف رہے۔ گذشتہ رات 2409 بھارتی سکھ یاتری تین خصوصی ٹرینوں کے ذریعے واہگہ بارڈر سے ننکانہ صاحب پہنچے تو ریلوے سٹیشن کی فضا "جو بولے سو نہال" "ست سری اکال " اور واہے گورو جی کا خالصہ ©" "واہے گورو جی فتح" کے نعروں سے گونج اٹھی۔ ڈپٹی کمشنر احمر نائیک اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے سکھ یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ بھارت سے آئے ہو ئے 24 سو سے زائد سکھ یاتری فاروق آباد گئے جو وہاں متھاٹیکی کے بعد شام کو خصوصی بسوں کے ذریعے واپس ننکانہ صاحب پہنچ گئے۔ آج گورودوارہ جنم استھان سے گوروگرنتھ کا عظیم الشان جلوس نکالا جائے گا جو شہر کے سات مختلف گورودواروں کی یاترا کے بعد اختتام پذیر ہو گا۔ جنم دن کی خوشی میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی ہو گا۔ محکمہ متروکہ وقف املاک بورڈ اور ضلعی انتظامیہ نے گورودوارہ جنم استھان میں پبلک کال آفس، بنک بوتھ، ڈاکخانہ اور کھانے پینے کی اشیاءکے سٹال قائم کرنے کے علاوہ قیام و طعام صحت اور سکیورٹی کے بھی بہترین انتظامات کئے ہیں۔ دریں اثناءبھارت سے آئے ہوئے سکھ یاتریوںنے گردوارہ سچاسودا کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے کے بعد گردوارہ ننکانہ صاحب روانہ ہوگئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار گل چرن سنگھ، سردار جاگندر سنگھ، سردار ابجیت سنگھ، تنور کور نے کہاکہ پاکستان کی سرکار نے ان کی آمد پر جو اقدامات کئے ہیں وہ انتہائی شاندار اور قابل ستائش ہیں۔
گورونانک

ای پیپر-دی نیشن