• news

 پنجاب پولیس میں سیاسی مداخلت ،سپریم کورٹ کی درخواست پر نمبر لگانے کی ہدایت


اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے پنجاب پولیس میں سیاسی مداخلت کے حوالے سے دائر درخواست نمبر لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کر دیئے۔ سپریم کورٹ میں پنجاب پولیس میں سیاسی مداخلت پر تقرریوں تبادلوں کے خلاف درخواست پر چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں قائم پانچ رکنی لارجر بینچ نے کی۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل شہزاد شوکت نے مؤقف اختیار کیا کہ پنجاب پولیس میں تبادلے تقرریوں میں سیاسی مداخلت کی جا رہی ہے، پولیس کے ہائی رینک افسران میں تو بے پناہ تبدیلی کی جارہی ہیں، پنجاب میں چار سالوں میں 8 آئی جیز تبدیل کئے گئے، سیاسی تقرریوں سے پولیس کی کارکردگی متاثر ہوئی۔ جس پر عدالت نے اپنے حکم میں قرار دیا کہ درخواست میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں سیاسی بنیادوں پر تقرریوں و تبادلوں کی وجہ سے پولیس کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔ اس لئے درخواست کو آئین کے آرٹیکل 184(3) کے تحت قابل سماعت قرار دے رہے ہیں اور درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کر تے ہوئے آفس کو ہدایت کی کہ درخواست کو نمبر لگایا جائے۔ جس کے بعد عدالت نے کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔

ای پیپر-دی نیشن