یوم اقبال آج ، عام تعطیل بحال ، پروگرموں کیلئے کمیٹی قا ئم
لاہور‘ اسلام آباد (نامہ نگار‘ سپیشل رپورٹر‘ خبر نگار خصوصی‘ نمائندہ خصوصی) حکیم الامت‘ شاعر مشرق‘ مفکر پاکستان حضرت علامہ اقبال کا یوم ولادت آج بدھ 9 نومبر ملی جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔ حکومت کی جانب سے یوم اقبال پر آج عام تعطیل ہے۔ حکومت کی جانب سے یہ تعطیل بحال کر دی گئی ہے۔ اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں علامہ اقبال کی روح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی محافل کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ اقبال ڈے کی مناسبت سے خصوصی تقریبات اور سیمینارز بھی منعقد ہوں گے۔ جن میں مقررین علامہ اقبال کی زندگی‘ شاعری اور پاکستان کے قیام کے لئے جدوجہد پر روشنی ڈالیں گے۔ لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہو گی۔ تفصیل کے مطابق وفاقی حکومت نے آج عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف کی خواہش پر آج9 نومبر کو ملک بھر میں یوم اقبال کے موقع پر عام تعطیل ہوگی۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج اور سٹیٹ بینک آف پاکستان بھی یوم اقبال کے موقع پر بند رہیں گے۔ دوسری جانب سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سپریم کورٹ میں آج تعطیل نہیں ہو گی اور عدالت عظمیٰ میں معمول کے مطابق کیسز کی سماعت ہوگی۔ دریں اثناء وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے برصغیر کے عظیم شاعر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی زندگی، کام اور فلسفہ کو اجاگر کرنے اور شاعر مشرق کے حوالے سے ماہ نومبر میں تفصیلی پروگراموں کی تیاری کے لئے سینیٹر عرفان صدیقی کی قیادت میں کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی شخصیت کے حوالے سے مختلف پروگراموں کو حتمی شکل دے گی۔ کمیٹی ارکان میں رکن قومی اسمبلی نثار احمد چیمہ، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ، سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن، پروفیسر فتح محمد ملک (اسلام آباد)، پروفیسر ڈاکٹر خواجہ محمد زکریا (لاہور)، پروفیسر ڈاکٹر رفیع الدین ہاشمی (لاہور)، پروفیسر ڈاکٹر محمد ایوب صابر (اسلام آباد)، پروفیسر ڈاکٹر اسلم انصاری (ملتان)، ڈاکٹر احسان اکبر (راولپنڈی)، پروفیسر ڈاکٹر تحسین فراقی (لاہور)، ڈاکٹر ابصار احمد (لاہور)، ڈاکٹر طالب حسین سیال (راولپنڈی)، خرم علی شفیق (کراچی)، ڈاکٹر مقصود جعفری (اسلام آباد)، ڈاکٹر عبدالرئوف رفیق (کوئٹہ)، پروفیسر ڈاکٹر عابد علی (اسلام آباد)، ڈاکٹر بادشاہ منیر بخاری (پشاور)، ڈاکٹر خالد اقبال یاسر (راولپنڈی)، محمد اکرم (لاہور)، ڈاکٹر شاہد اقبال کامران (اسلام آباد) اور پروفیسر ڈاکٹر بسیرہ امبرین (لاہور) شامل ہیں۔ کمیٹی اپنا ٹاسک تین دن میں مکمل کرے گی۔ لاہور ہائیکورٹ آفس نے چیف جسٹس کی منظوری سے ڈاکٹر علامہ اقبال کے 145 ویں یوم پیدائش کے موقع پر 9 نومبر کو ماتحت عدالتوں میں تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ خیبر پی کے حکومت نے اقبال ڈے پر تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق تعلیمی بورڈ کے زیراہتمام سیکنڈ ائیر کا پرچہ معمول کے مطابق ہو گا۔ صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے علامہ اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ ہم مشرق کے عظیم مفکرین، فلسفیوں اور شاعروں میں سے ایک ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ان کے نظریات، اقدار اور نئی سوچ نے دنیا بھر کے ادیبوں اور فلسفیوں کی کئی نسلوں کو متاثر کیا۔ اس دن ہم برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک علیحدہ وطن، جہاں وہ اپنی مذہبی، سماجی اور ثقافتی اقدار کے مطابق اور ہندو اکثریت کے خوف و ہراس کے بغیر اپنی زندگی گزار سکیں ،کا تصور دینے پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ یہ خواب بالآخر 14 اگست 1947ء کو قائداعظم محمد علی جناح کی متحرک قیادت میں شرمندہ تعبیر ہوا۔ عظیم فلسفی اور شاعر نے اپنی شاعری، نثر اور تقاریر میں ہمیں مسلسل یہ پیغام دیا کہ تعلیم اور علم حاصل کریں اور اس علم کو زندگی کو سمجھنے، حقیقت کے ادراک اور روحانی تکمیل کے اعلیٰ مدارج کے حصول اور مسرت، ترقی و خوشحالی کیلئے استعمال کریں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یومِ پیدائش پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج پوری قوم شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 145 واں یوم پیدائش بڑی عقیدت و احترام سے منا رہی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے امت مسلمہ کے نوجوانوں کو اپنے اسلاف کی قربانیوں، انکی عظمت اور اپنی کھوئی ہوئی میراث سے روشناس کروانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اقبال نے امت کے نوجوانوں کو شاہین سے تعبیر دی جو اپنے حوصلے، خود اعتمادی، بہادری اور درویشی کی بدولت پرندوں میں منفرد مقام رکھتا ہے۔ اقبال کے پاکستان میں ادارے مضبوط، عوام با شعور اور معیشت اس قدر مستحکم ہو کہ پاکستان معاشی طور پر قرضوں کی زنجیروں سے پاک ہو۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئیں مل کر آج کے دن یہ عہد کریں کہ ہم اقبال کے پاکستان کے حصول کیلئے دن رات محنت کریں گے۔ مجھے اپنی قوم، بالخصوص نوجوانوں پر پورا اعتماد ہے کہ اگر وہ ٹھان لیں تو یہ منزل دور نہیں کیونکہ
’’ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی‘‘