سابق صدر آصف زرداری کا اسلام آباد میں ’’انٹری‘ ‘دینے کا فیصلہ
اسلام آباد(عترت جعفری) تحریک انصاف کے لانگ مارچ اور اس سے جڑے واقعات کے تناظر میں اہم فیصلوں کے امکان کے پیش نظر سابق صدر نے اسلام آباد میں ’’انٹری‘ دینے کا فیصلہ کیا ہے ،ذرائع نے بتایا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کراچی سے اسلام آبا د منتقل ہو رہے ہیں اور ان کے قریبی پی پی پی کے اہم راہنماوں کو بھی اسلام آباد کے اندر موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ، آصف علی زرداری گذشتہ کچھ ماہ سے اسلام آباد سے دور تھے،جس کی ایک وجہ ان کا علیل ہو نا تھی تاہم اب وہ مکمل صحت یاب ہیں ،ان کے ایک قریبی ذرائع نے بتایا کہ سابق صدر اب اسلام آبا پہنچ رہے ہیں،ان کی آمد کسی بھی وقت ممکن ہے ، ان کا کہنا تھا کہ آئندہ دو تین روز اہم ہیں جن میں حکومت میں شامل اتحاد ی پارٹیوں کے درمیان بھی جاری نازک صورت حال پر مشاورت ہوگی اور سابق صدر سے اہم ملاقاتیں بھی ہوں گی، پی پی پی کے چئیر مین بلاول بھٹو بھی مصر سے اسلام آباد پہنچ رہے ہیں ،سابق صدر پارٹی راہنماوں سے صورت حال پر تبادلہ خیال کریں گے ،جب ان سے پوچھا گیا کہ ایک اہم تعیناتی کا وقت بھی اب قریب آ چکا ہے تو ان کا کہنا تھا کہ ظاہر ہے اس پر بھی بات ہو گی ،ان کا کہنا تھا کہ اتحادی جماعتوں کی مشاورت کے بعد اتفاق رائے سے کچھ اقدامات کی توقع ہے ۔