سیلاب متا ثرین کی امداد پر بر طا نیہ ، اقوام متحدہ کا شکریہ : بلاول
شرم الشیخ؍ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی+ خصوصی نامہ نگار) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے یو این ترقیاتی پروگرام کے ایڈمنسٹریٹر آخم شٹائز نے ملاقات کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بحالی کے اقدامات سے آگاہ کیا اور اقوام متحدہ کی سیلاب متاثرہ افراد کی امداد پر اظہار تشکر کیا۔ دریں اثناء وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے برطانوی وزیرخارجہ جیمز کلیوری بھی ملے۔ باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال ہوا۔ بلاول نے برطانیہ کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد پر اظہار تشکر کیا جبکہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری اور برطانوی وزیر خارجہ جیمز کلیوری نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مؤثر اور مثبت کردار کو سراہا۔ بلاول بھٹو زرداری نے گرو نانک دیوجی کے جنم دن پر پیغام میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں آباد سکھ برادری کو مبارکباد دی ہے۔ وزیر خارجہ کی جانب سے سکھ مذہب کے بانی اور دس گروئوں میں سے پہلے گرو نانک دیو جی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر کسی کو بلا خوف و خطر اپنی مذہبی اور روحانی رسومات ادا کرنے کی اجازت ہے۔ جبکہ انہوں نے پی پی پی خیبرپی کے کے رہنما و پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر حاجی منظور خلیل اور واحد خلیل کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ بیان میں انہوں نے کہا کہ حاجی منظور خلیل اور ان کے بھائی کا بہیمانہ قتل درندگی ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔