روس کے ساتھ بات چیت کے دروازے کھلے ہیں، امریکی مشیر
واشنگٹن۔(اے پی پی)امریکہ کے مشیر برائے قومی سلامتی جیک سلیوان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ یوکرائن جنگ کے باوجود روس کے ساتھ بات چیت کے دروازے کھلے ہیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے نیویارک میں ایک تقریب کے دوران کہا کہ یہ روس کے ساتھ رابطے برقرار ر کھنا امریکہ کے مفاد میں ہے لیکن امریکی عہدیداروں کو اس معاملہ میں چوکنا رہنا ہوگا۔جیک سلیوان نے مزید بتایا کہ گزشتہ جمعہ کو یوکرائن کے دورے کے موقع پر ان کی صدر ولودیمیر زیلنسکی،یوکرائن کے مشیر برائے قومی سلامتی اینڈری یرماک اور فوجی قیادت سے ملاقاتوں میں انہوں نے یوکرائن جنگ میں ہونے والی اموات اور تباہی بارے آگاہی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر یوکرائن میں سنگین اور خوفناک جنگی جرائم کا ارتکاب کرنے والوں کے احتساب کی ذمہ داری نبھائے گی ۔ جیک سلیوان کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نیجیک سلیوان کی قیادت میں امریکی عہدیداروں کی روس کی سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری نکولائی پیٹرشیف اور روس کی خارجہ پالیسی کے سینئر عہدیدار یوری یوشاکوف کے ساتھ خفیہ بات چیت کے وال سٹریٹ جرنل کے دعوے کو مسترد کرنے سے انکار کیا ہے۔وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مہینوں کے دوران ہونے والی ان ملاقاتوں میں یوکرائن جنگ کے جوہری تصادم میں بدلنے کے خطرے سے بچنے پر بات چیت کی گئی ہے۔