امن واستحکام شہدا کی قر با نیوں کی بدولت ، آرمی چیف : پاکستان زندہ بادہ ، کر کٹ ٹیم کو مبا رکباد
راولپنڈی+پشاور (خبرنگار خصوصی+بیورو رپورٹ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی افسران اور جوانوں سے کہا ہے کہ ہمیشہ اپنے پیشہ ورانہ فرائض پر توجہ مرکوز رکھیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بدھ کو پشاور کا دورہ کیا۔ کور ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ جنرل باجوہ نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ آرمی چیف نے افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے امن اور استحکام کے حصول میں فارمیشن کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے شہداء کی قربانیوں کے مرہون منت ہیں جنہوں نے سماجی، اقتصادی ترقی کے لیے محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کیا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ قوم کی خدمت میں ہمیشہ اپنے پیشہ ورانہ فرائض پر توجہ مرکوز رکھیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کے ٹی 20 ورلڈکپ کا سیمی فائنل جیتنے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر عسکری قیادت کی جانب سے قومی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بہترین کھیل کے نتیجے میں سیمی فائنل جیتنے پر قومی ٹیم کو مبارکباد، اور فائنل کے لئے گڈ لک۔ مسلح افواج کے سربراہان نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر قومی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ ارمی چیف نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔