وزیراعظم کا دورہ مصر کامیاب‘ کاپ کانفرنس پاکستان کیلئے نتیجہ خیز رہی: مریم اورنگزیب
اسلام آباد+ لندن (خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ مصر انتہائی کامیاب رہا، موسمیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات کے حوالے سے کاپ 27 کانفرنس پاکستان کیلئے بڑی نتیجہ خیز رہی، پہلی بار موسمیاتی تبدیلی کے باعث نقصانات اور تباہی کو ترقی پذیر ممالک کے مالیاتی دبائو میں اضافے کی وجہ تسلیم کیا گیا، پہلی مرتبہ ترقی پذیر ممالک کے نقصانات کے ازالے کے لئے مالی وسائل کی فراہمی پر عالمی اتفاق رائے ہوا ہے۔ ایک طرف عوامی خدمت جاری ہے اور دوسری طرف ایک شخص انتشار، فساد، جلائو گھیرائو اور فتنے میں مصروف ہے۔ بدھ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک طرف وہ شخص ہے جو جب سے اقتدار میں آیا، ملک اور عوام کی خدمت میں مصروف ہے اور دوسری طرف وہ کردار ہے جو جب سے سیاست میں آیا، تباہی، بربادی، انتشار اور خلفشار میں مصروف ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک شخص پاکستان کی معیشت کو تباہی کے دھانے سے واپس لایا اور معاشی بنیادوں کو مضبوط کر رہا ہے جبکہ دوسری طرف دھرنوں، آگ لگا دو، مار دو، مر جائو، جلائو گھیرائو کا ماسٹر مائنڈ ہے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے برصغیر کے عظیم شاعر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ علامہ اقبال ایک تاریخ ساز شاعر، عظیم فلسفی اور مفکر تھے، ان کا فلسفہ خودی پوری انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے۔ بدھ کو اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے خودی کا ولولہ انگیز پیغام دے کر دوسروں پر انحصار کرنے کی بجائے نوجوان نسل کو اپنی دنیا آپ پیدا کرنے کا حکیمانہ درس دیا۔