• news

لانگ مارچ کے شرکا پر امن تھے ، رہیں گے ، امن وامان یقینی بنا ئیں گے : پرویز الہی 


لاہور (نوائے وقت رپورٹ)  وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت وزیر اعلی آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں لانگ مارچ قافلے کے ٹوبہ ٹیک سنگھ والے روٹ کے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے لانگ مارچ کے ٹوبہ ٹیک سنگھ والے روٹ پر سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے پولیس حکام اور انتظامی افسران کو ہدایات دیں۔  لانگ مارچ کا قافلہ ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، فیصل آباد، جڑانوالہ، چنیوٹ اور دیگر شہروں سے ہوتا ہوا راولپنڈی پہنچے گا۔ جبکہ وزیر آباد سے شروع ہونے والا لانگ ما رچ اپنے مقرر کردہ روٹ سے ہوتا ہوا راولپنڈی پہنچے گا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے پورے روٹ پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت دی اور کہا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ والے روٹ کے لانگ مارچ کے شرکاء کو بھی بہترین سکیورٹی فراہم کریں گے۔ ڈرون اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے لانگ مارچ اور روٹ کی نگرانی کی جائے گی۔ روٹ کے راستے میں عمارتوں کی چھتوں پر پولیس کمانڈوز تعینات کئے جائیں گے۔ لانگ مارچ کے پورے روٹ پر امن عامہ برقرار رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔ وضع کردہ سکیورٹی پلان پر من وعن عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔  پولیس کنٹرول روم 24گھنٹے کام کرے گا۔ لانگ مارچ کے شرکاء پہلے بھی پرامن رہے اور اب بھی پرامن رہیں گے۔ ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے متبادل انتظامات کیے جائیں۔ کوآرڈینیشن کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر میٹنگ کرے اور صورتحال کے تناظر میں اقدامات کیے جائیں۔ اجلاس میں سکیورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن