• news

وزیراعظم کی لندن میں نوازشریف ، مریم سے ملا قات 


لندن (عارف چودھری +نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف مصر کا دورہ مکمل کرکے لندن میں ایون فیلڈ اپارٹمنٹس پہنچ گئے۔ انہوں نے نواز شریف سے ملاقات کی۔ ایون فیلڈ کے اطراف میں پولیس کی نفری موجود رہی۔ شہبازشریف میٹ پولیس کے پروٹوکول کے ہمراہ ایون فیلڈ پہنچے۔ ملاقات میں  مریم نواز نے بھی شرکت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے لندن میں نجی ٹی وی سے مختصر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ لندن میں میرے بڑے بھائی کی فیملی موجود ہے۔ ان سے ملنے آیا ہوں۔ ملاقات میں لانگ مارچ سمیت پاکستان کو درپیش مسائل پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم شہباز شریف قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف سے ملاقات کے بعد واپس روانہ ہو گئے۔ شہباز شریف نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا فیملی میٹنگ تھی۔ مل بیٹھ کر کھانا کھایا‘ گپ شپ کی۔ آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے صحافیوں کے سوالات پر شہباز شریف جواب دیئے بغیر روانہ ہو گئے۔لندن سے عارف چودھری کے مطابق لندن میں وزیراعظم شہباز شریف، پارٹی قائد نواز شریف اور نائب صدر مریم نواز کی بیٹھک ہوئی۔ نون لیگ کے قائد نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف کو اہم امور پر اپنا مؤقف دیا، پارٹی قائد کے مشورے کو پارٹی اور اتحادیوں کے ساتھ شئیر کیا جائے گا۔ مشاورت پر اتفاق رائے کے بعد ہی فیصلہ سامنے آئے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور نواز شریف کے درمیان ابتدائی مشاورت میں عام انتخابات کی تاریخ نہ دئیے جانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایون فیلڈ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں سلیمان شہباز بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن