• news

پاکستان نیوزی لینڈ کو پچھا ڑ کر فا ئنل میں : قوم کا جشن 


لاہور+ اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار خصوصی) آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو 7وکٹ شکست دیدی ہے۔ آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 152رنز سکور کیے۔ نیوزی لینڈ کے اننگز کے آغاز پر شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ہی اوور میں فِن ایلن کو 4 رنز پر آؤٹ کیا‘ وہ چار رنز بناسکے۔ چھٹے اوور کی آخری گیند پر شاداب نے ڈیون کونوے کو رن آؤٹ کیا‘ وہ اکیس رنز بناسکے۔ محمد نواز نے گلین فلپس کو کیچ اینڈ بولڈ کیا‘ وہ چھ رنز بناسکے۔ چوتھی وکٹ 117 رنز پر گری‘ کپتان ولیمسن 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ڈیرل مچل 53 اور جیمز نیشم سولہ رنز بناسکے۔ شاہین شاہ آفریدی نے 2 اور محمد نواز نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پاکستان نے 153رنز کا ہدف 5گیند پہلے حاصل کیا۔ اننگز کا آغاز بابر اعظم اور محمد رضوان نے کیا، دونوںنے 105رنز کا آغاز فراہم کیا۔ بابر اعظم 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان 57 رنز بناکر نمایاں رہے جہاں وہ پلیئر آف دی سیمی فائنل قرار دیئے گئے۔ محمد حارث تیس رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ شان مسعود تین رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ ٹرینٹ بولٹ نے دو جبکہ مچل سنٹنر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان ٹیم 13نومبر بروز اتوار کو فائنل میں آج دوسرے سیمی فائنل کی فاتح بھارت یا انگلینڈ ٹیم کا مقابلہ کرے گی۔ سیمی فائنل جیتنے پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی‘ وزیر اعظم شہباز شریف‘ وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی‘ وزیر خارجہ بلاول بھٹو‘ امیر جماعت اسلامی سراج الحق‘ مونس الٰہی‘ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ‘ مریم نواز‘ وزیر خزانہ اسحاق ڈار‘ ڈاکٹر طاہر القادری نے قومی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ جیت کی خوشی میں ملک بھر میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ جیت کی خوشی میں سڈنی سٹیڈیم بھی نعروں سے گونج اٹھا۔ پاکستانی شائقین خوشی سے جھوم اٹھے اور قومی ٹیم کی تعریف کے ساتھ ساتھ نعرے بازی کرتے رہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن