• news

اوکاڑہ: پولیس مقابلہ میں ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک


اوکاڑہ (نامہ نگار) اوکاڑہ میں مبینہ پولیس مقابلہ‘ ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دو  فرار ہو گئے۔ ہلاک ہونے والا ڈاکو اوکاڑہ، ساہیوال، پاکپتن پولیس کو 40 مقدمات میں مطلوب تھا۔ 3 ڈاکو تھانہ حویلی لکھا کی حدود میں ایک شہری کیساتھ واردات کرکے فرار ہورہے تھے کہ پولیس کی گشتی ٹیم سے بصیرپور روڈ نزد العباس ٹائون ڈاکوئوں کا آمنا سامنا ہو گیا۔ ڈاکوئوں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی گرفتاری کے ڈر سے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے بھی اکا دکا فائر کئے۔ ڈاکو قریبی فصلوں میں گھس گئے اور پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے رہے۔ ڈاکوئوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ان کا اپنا ہی ایک ساتھی مارا گیا۔ مرنے والے ڈاکو کی شناخت غلام مصطفی عرف ٹینی کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے ہلاک ہونے والے ڈاکو کی نعش کو تحویل میں لیتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے چھینی گئی موٹرسائیکل ، ناجائز اسلحہ اور موبائل فون برآمد کرکے قبضہ میں لے لیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن