ترقی پذیر ممالک ماحولیاتی تبدیلیوں کے نقصانات کے متحمل نہیں ہو سکتے: شیری رحمان
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ترقی پذیر ممالک ماحولیاتی تبدیلیوں کے نقصانات کے متحمل نہیں ہو سکتے، اب وقت آگیا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی کے درپیش بحران سے نمٹنے کے لیے وسائل کی منصفانہ تقسیم کے عزم کا اعادہ کیا جائے۔ مصر کے شہر شرم الشیخ میں کوپ-27 میں پاکستان پویلین میں ’’دی لاسٹ اینڈ دی ڈیمیجڈ‘‘ کے عنوان سے مباحثے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ COP27 میں ایجنڈے میں یقینی بنانا تھا کہ ترقی پزیر ممالک میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ ناگزیر ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ وضاحت اور ٹائم لائنز مقرر کی جائیں، ہم عالمی پلیٹ فارم میں اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ پورا نظام اس پر منحصر ہے اور ہر ملک کو ویٹو حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ عالمی برادری ساؤتھ سے آگے بڑھ کر فوری اقدامات کا تعین کرے جو کہ موسمیاتی خطرے کے لیے ایک خطرناک نئی فرنٹ لائن کے کنارے پر ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہم بھی اپنے عملی اقدامات کو یقینی بنائیں۔ سابق پاکستانی سفیر اور چیئرپرسن ایس ڈی پی آئی شفقت کاکاخیل نے ’’لاس اینڈ ڈیمیج ‘‘کی وضاحت کی راہ میں حائل رکاوٹوں پر روشنی ڈالی جن کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔