• news

لانگ مارچ اموات، وزیراعظم نے لواحقین کو 50 لاکھ فی کس دینے کی منظوری دیدی: مریم اورنگزیب 


اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی لانگ مارچ میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس 50 لاکھ روپے دینے کی منظوری دے دی ہے۔ لانگ مارچ میں معظم گوندل، صدف نعیم، سمیر نواز، حسن بلوچ جاں بحق ہوئے تھے۔ اپنے ایک ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے ضابطے کی کارروائی فوری مکمل کر کے چیک متاثرین کے اہل خانہ کو پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری طرف اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ زبانیں بند کرنے والا آج سڑکیں بند کر رہا ہے۔ عمران خان کی وجہ سے ملک میں فساد، انتشار اور نفرت پھیلا ہوا ہے۔ عمران خان راستے بند کر کے کیا مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں؟۔ جمعرات کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کی وجہ سے آج سکول اور ہسپتال کے راستے بند ہیں۔ عمران خان جو پیسہ سکول اور ہسپتال بند کرنے پر لگا رہے ہیں وہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں سکول اور ہسپتال بنانے پر لگا دیتے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کا مقصد ملک میں انتشار، فساد، جلائو گھیرائو اور فتنہ پھیلانا ہے، یہ وہ ڈھیٹ اور فسطائی شخص ہے جس نے سیلاب زدگان کی امداد پر بھی سیاست کی، عمران نیازی نے چار سال تک عوام کی روٹی، بجلی، گیس، دوائی چھینی اور روزگار بند کیا اور آج سڑکیں بند کر رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن