سودی نظام کے خلاف اپیلیں واپس لینے پر قوم آج یوم تشکر منائے گی: فضل الرحمن
لاہور (نوائے وقت رپورٹ+خصوصی نامہ نگار) جے یو آئی کے سر براہ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ قوم آج جمعہ11نومبر کو یوم تشکر کے طور پر منائے گی۔ انہوں نے علمائ، خطباء اور آئمہ مساجد سے اپیل کی ہے وہ آج جمعہ کے اجتماعات میں وفاقی حکومت کی طرف سے ملک سے سودی نظام معیشت کے حوالے سے تمام اپیلیں واپس لینے کے فیصلے کی حکومتی اقدام پر روشنی ڈالیں، مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ وفاقی حکومت نے وفاقی شرعی عدالت سے سودی نظام معیشت کے حوالے سے تمام اپیلیں واپس لینے کا فیصلہ کر کے وطن عزیز پاکستان میں سود سے پاک معاشی نظام کی طرف پہلا قدم اٹھایا ہے، یہ ایک تاریخی فیصلہ ہے۔ وہ مرکزی میڈیا آفس کے مطابق پارٹی راہنماؤں حاجی اکرم خان درانی اور دیگر سے گفتگو کر رہے تھے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ حکومت کا سود کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر تمام اپیلیں واپس لینے کے اقدام کو قابل تحسین قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ علماء کرام کی برس ہا برس کی محنت اور جدوجہد کی بدولت ہی ممکن ہوا ہے۔