• news

انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے کا معاملہ: الیکشن کمشن سے شہباز شریف ، احسن اقبال کو نو ٹس 


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمشن نے انٹرا پارٹی الیکشن نہ کروانے کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور سیکرٹری جنرل احسن اقبال کو نوٹسز جاری کر دیئے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن)  کے انٹرا پارٹی الیکشن کے معاملے پر دائر درخواست کی سماعت الیکشن کمشن کے ممبر نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے کی۔ مسلم لیگ (ن)  کی طرف سے کوئی وکیل پیش نہیں ہوا بلکہ پارٹی آفس کے ملازم پیش ہوئے۔ ممبر الیکشن کمشن جسٹس ریٹائرڈ اکرام اللہ نے ریمارکس دیئے کہ مسلم لیگ (ن)  تو پارٹی الیکشن میں دلچپسی ہی نہیں لے رہی۔ کیا مسلم لیگ (ن)  کی معطلی ہوئی ہے؟ ان کا نشان واپس لیا ہے؟۔ حکام الیکشن کمشن نے کہا کہ ہم نے پارٹی کو شوکاز نوٹس بھیجا ہے جس پر ممبر الیکشن کمشن نثار درانی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)  کو ایک آخری موقع دے دیتے ہیں۔ ممبر الیکشن کمشن کے پی کے نے ریمارکس دیئے کہ اگلی سماعت تک مسلم لیگ (ن)  کو معطل کریں۔ الیکشن کمشن نے مسلم لیگ (ن)  کو آخری موقع دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن)  انٹر پارٹی الیکشن کی سماعت 21 نومبر تک ملتوی کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن