جمہوریت کو نقصان ہوگا‘ پی ٹی آئی مارچ رکوانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر
لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہورہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کا لانگ مارچ رکوانے کیلئے درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست چیئرمین سپریم کونسل برائے انجمن تاجران پاکستان کی طرف سے دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں وزارت داخلہ، چیف سیکرٹری پنجاب، ہوم سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا۔ عمران خان پر قاتلانہ حملے کی وجہ سے پی ٹی آئی کارکنوں نے پنجاب کی تمام سڑکیں بند کر دی ہیں۔ موٹروے کے داخلی راستوں پر بھی پی ٹی آئی کارکنوں نے قبضہ کر رکھا ہے۔ ملکی معاشی صورتحال کے پیش نظر اگر عمران خان کو لانگ مارچ سے نہ روکا گیا تو ملک میں افراتفری کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ آئین میں کسی کو کسی کے تجارتی سرگرمیاں اور امن تباہ کرنے کا حق نہیں دیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی نے اگر لانگ مارچ اور دیگر سرگرمیاں منسوخ نہ کیں تو جمہوری نظام کو نقصان ہو گا۔ حکومت کو پی ٹی آئی کا لانگ مارچ روکنے کا بندوبست کرنے کا حکم دیا جائے۔