چین سے مقامی کرنسی میں تجارت کا خیر مقدم
کراچی(کامرس رپورٹر)ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان( ای ایف پی) کے صدر اسماعیل ستار نے پاکستان اور چین کے مرکزی بینکوں کی جانب سے رین مِن بی (آر ایم بی) جسے چینی یوآن بھی کہا جاتا ہے میں ادائیگیوں اور تجارت میں تعاون کے فیصلے کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاہدے کے تحت پاکستان اور چین کے درمیان براہ راست چینی کرنسی میں تجارت اور آر بی ایم میں کلیئرنگ کے انتظامات کئے جائیں گے۔چینی ، پاکستانی کاروباری اداروں اور مالیاتی اداروں کے درمیان سرحد پار لین دین کے لیے آر ایم بی کے استعمال کو فروغ دیا جائے گاجس سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بھی فروغ ملے گا۔چینی مرکزی بینک نے پاکستان کو چینی کرنسی میں تجارت اور لین دین کو مزید فروغ دینے کے لیے آر ایم بی کیپٹل سرکولیشن سسٹم قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔انہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے پاکستان میں چین کے ساتھ کاروبار کرنے والے کاروباری اداروں کو بہت زیادہ ضروری ریلیف ملے گا۔یہ معاہدہ پاکستان اور اس کے دوسرے بڑے تجارتی پارٹنر چین کے درمیان طویل اور مضبوط اقتصادی تعلقات کی مثال قائم کرتا ہے۔یہ تعاون نہ صرف گرین بیک پر پاکستان کے انحصار کو کم کرنے کی راہ ہموار کرتا ہے بلکہ دونوں پڑوسی ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط کرتا ہے۔ای ایف پی ہمیشہ حکومت پاکستان کے کسی بھی فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہے جو پاکستان بھر کے آجروں کو کاروبار کرنے میں آسانی یا ریلیف فراہم کرتا ہے۔