پی ٹی آئی کے 2 گروہ آپس میں لڑ پڑے‘ ایک دوسرے پر گولیاں چلا دیں
راولپنڈی(نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے احتجاجی مظاہروں کے دوران پارٹی کے دو گروہوں کے درمیان آپس میں لڑائی ہوگئی، جس میں پی ٹی آئی کارکنوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ کرنے کے ساتھ ڈنڈے بھی برسا دیے۔ٹیکسلا میں پی ٹی آئی کے احتجاجی مظاہرے کے دوران فائرنگ کا واقعہ گزشتہ رات گئے پیش آیا تھا، جس میں بازو پر گولی لگنے سے کارکن محسن تاج، ٹانگ پر گولی لگنے سے میر واعظ خان عرف بہرام خان جب کہ جمعہ خان بھگدڑ کے دوران گر کر زخمی ہوا۔ذرائع کا کہنا ہے جھگڑے کے دوران فائرنگ کا واقعہ تحریک انصاف کے دو گروہوں کے درمیان چپقلش کا نتیجہ ہے۔ واقعے کے بعد زخمی ہونے والے کارکنوں کے گروہ نے پولیس کو درخواست دے دی، جس پر پولیس نے لڑائی جھگڑے کا مقدمہ درج کرلیا۔پولیس کے مطابق پی ٹی آئی کے کارکن محسن تاج خان کی مدعیت میں درج مقدمے میں تحریک انصاف ہی کے رکن صوبائی اسمبلی مسعود اکبر سمیت 10 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ایم پی اے مسعود اکبر اور ساتھیوں نے احتجاجی کیمپ میں گولیاں چلائیں۔اقدام قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت درج مقدمے کیمطابق فائرنگ اور ڈنڈوں کے وار سے 3 کارکن زخمی ہوئے۔
پی ٹی آئی کارکن جھگڑا