• news

رائے ونڈ اجتماع کا دوسرا مرحلہ دنیا فانی نیک کام کرو برے اعمال سے روکتے رہو


رائے ونڈ (این این آئی) عالمی تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ امیر جماعت مولانا نذر الرحمان کے ابتدائی بیان سے شروع ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے دعوت و تبلیغ کا پیغام نبی اکرم ؐ کے ذریعے پوری امت تک پہنچایا، یہ پیغام تمام زمانوں کیلئے تھا، اس پیغام کو آنے والی نسلوں تک پہنچانا اب امت محمدی ؐ کی اولین ذمہ داری ہے، اس پیغام کو مان کر اللہ کو راضی کرکے جنت حاصل کرلیں یا نہ مان کر اللہ کی ناراضگی کے نتیجہ میں ہمیشہ ہمیشہ کیلئے جہنم خرید لیں۔ یہ دنیا فانی ہے اور یہ چند دنوں کی ہے، آخرت کی زندگی ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ہے۔ دنیا کی زندگی برف کی مانند ہے جو تیزی سے پگھل رہی ہے۔ تم بہترین امت ہو، لوگوں کے نفع رسانی کے لئے نکالے گئے ہو، تم لوگ نیک کام کا حکم کرتے رہو اور برے کاموں سے روکتے رہو، اللہ تعالی پر ایمان رکھتے رہو۔ دین سیکھنے میں پہل کرنے والوںکے لیے اللہ تعالیٰ نے جنت کی بشارت دی ہے۔ شہر، قصبوں، گاؤں گاؤں اور گلی، محلوں میں پھیل جاؤ اور چھوٹوں سے لے کر بڑوں تک دین سیکھنے اور سکھانے کی دعوت دے کر ان کو دین پھیلانے، سیکھانے کے عمل میں شامل کرکے اللہ تعالیٰ کے دربار میں بلند ی کے مراتب حاصل کرنے والے بن جاو  ۔مسلمانوں آؤ سب ملکر عہد کریں کہ اس نیک مشن کو پورا کرنے کے لیے خود کو دعوت و تبلیغ کیلئے پیش کریں تاکہ کل رب العزت کے دربار میں یہ کہہ سکیں کہ میں نے ساری زندگی گناہ اور غفلت میں گزار دی لیکن تیری راہ پر تیرے مقرب حضرات کی تقلید کرتے ہوئے میں نے بھی دین سیکھنے اور سکھانے کی کوشش کی تھی۔ یہ اجتماع اس پیغام کو سمجھنے اور سمجھانے کی تربیت گاہ ہے، یہاں کسی کا کوئی فرقہ نہیں، کوئی تنقید نہیں کی جاتی ہے۔ 
تبلیغی اجتماع

ای پیپر-دی نیشن