سی سی پی او لاہور کی معطلی قانون کے برعکس ، فیڈرل سروس ٹربیونل : نوٹیفکیشن پر عمل روک دیا
لاہور (خبر نگار + نوائے وقت رپورٹ + سپیشل رپورٹر) فیڈرل سروس ٹربیونل نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو ریلیف دیدیا ہے اور سی سی پی او لاہور کی معطلی کے نوٹفکیشن پر عمل درآمد روک دیا۔ عدالت نے سی سی پی او کی معطلی کا نوٹیفکیشن معطل کردیا تھا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ٹربیونل کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے قوانین کے برعکس سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو معطل کیا۔ عاصم اکرم اور مشتاق جدون پر ٹربیونل نے 2 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ سی سی پی او لاہور کی تبادلے سے متعلق 5 نومبر کا نوٹیفکیشن معطل کیا جاتا ہے۔ سی سی پی او لاہور کی معطلی سپریم کورٹ کے فیصلوں کے بھی برعکس ہے۔ دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس مزمل اختر شبیر نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی معطلی کے خلاف درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ عدالت نے درخواست کو ناقابلِ سماعت قرار دے کر نمٹا دیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کے پاس اس کیس کو سننے کا اختیار نہیں ہے۔ عدالت صرف اس سرکاری ملازم کا کیس سن سکتی ہے جو سروس ٹربیونل کے دائرہ اختیار میں نہ ہو، عدالت کی جانب سے فیصلے کو عدالتی نظیر بھی قرار دیا گیا ہے۔