• news

ہفتہ وار مہنگائی میں 0.74 فیصد اضافہ ، آلو، چکن ، چینی مہنگے : ادارہ شماریات 


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.74 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا‘ ملک میں مہنگائی کی شرح 29.24 فیصد ہو گئی۔ ملک بھر میں ایک ہفتے کے دوران 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور 14 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 14 روپے 22 پیسے کمی ریکارڈ کی گئی۔ ٹماٹر کی اوسط قیمت 208 روپے 93 پیسے رہی۔ ادارہ شماریات کے جاری کردہ ہفتہ وار اعداد و شمار کے مطابق دال چنا 4 روپے 84 پیسے‘ مسور 4 روپے‘ مونگ 2 روپے 23 پیسے فی کلو سستی ہوئی۔ گھی کی فی کلو قیمت 3 روپے 37 پیسے کم ہوئی‘ مٹن 5 روپے 48 پیسے فی کلو سستا ہوا۔ 20 کلو آٹے کا تھیلا 4 روپے 62 پیسے سستا ہوا‘ لہسن‘ دال‘ ماش‘ گڑ اور کوکنگ آئل کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ ایک ہفتے کے دوران 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا‘ حالیہ ہفتے پیاز 38 روپے 85 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق آلو 3 روپے 68 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔ چینی کی فی کلو قیمت میں 3 روپے 16 پیسے اضافہ ریکارڈ کی گیا۔ زندہ چکن 5 روپے 34 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔ زندہ مرغی کی فی کلو قیمت 274 روپے 37 پیسے ہو گئی۔ حالیہ ہفتے انڈے 5 روپے 13 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے‘ قیمت 245 روپے 44 پیسے تک پہنچ گئی۔ چائے‘ کیلے‘ تازہ دودھ‘ دہی‘ چاول کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن