سپریم کورٹ ،3ججز کا حلف جسٹس عامر فاروق نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کا چارج سنبھال لیا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ میں نئے تعینات ہونے والے تینوں جج صاحبان نے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ حلف برداری کی تقریب سپریم کورٹ میں ہوئی۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے تینوں ججز سے حلف لیا۔ حلف اٹھانے والوں میں جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس شاہد وحید شامل ہیں۔ تین ججز کے اضافے سے عدالت عظمیٰ میں ججز کی مجموعی تعداد پندرہ ہو گئی ہے۔ سترہ کل سیٹوں میں سے دو سیٹیں ابھی بھی خالی ہیں۔ دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس عامر فاروق نے باقاعدہ چارج سنبھالتے ہوئے کیسز کی سماعت شروع کر دی۔ گذشتہ روز صدر سے حلف لینے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جس کے بعد وہ عدالت پہنچے۔ سماعت سے قبل تلاوت قرآن پاک سے عدالتی کارروائی کا آغاز کیا۔ اس موقع پر کمرہ عدالت موجود وکلاء نے چیف جسٹس عامر فاروق کو مبارکباد دی۔