• news

علامہ اقبال کے افکار ونظریات مشعل راہ ہیں: راغب حسین نعیمی 


 لاہور (خصوصی نامہ نگار)دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے خطبہ جمعہ میں کہاہے کہ علامہ اقبال کے افکار ونظریات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔شاعر مشرق نے مسلمانوں کو اپنی شاعری کے ذریعے خودی کادرس دیا۔آج بھی قوم علامہ اقبال کے فلسفہ خودی پر عمل پیرا ہوکرترقی کی منازل طے سکتی ہے۔علامہ اقبال نے اپنی شاعری میں گہرائی سے قرآنی افکارکوپیش کیا اوراسے انسانیت کےلئے فلاح وبہبود کاراستہ قراردیا اورشاعر مشرق نے انسان کے اندر تبدیلی کی تحریک پیدا کرنی کی کوشش کی۔یوم اقبال پر چھٹی بحال کرنے اورسود کے خلاف فیصلے پر اپیلیں واپس لینے کاوفاقی حکومت کافیصلہ خوش آئند ہے۔


انہوں نے مزید کہاکہ علامہ اقبال کے کلام کے مطالعہ سے ہمارے اندر ایک جوش ولولہ پیداہوتاہے اورزندگی کوزندگی بنانے کی تحریک پیدا ہوتی ہے۔ علامہ اقبال ایک عظیم رہنما، فلاسفراورشاعرتھے جن کی شاعری اورافکارنے برصغیرکے مسلمانوں کے شعورکوبیدارکیا۔اقبال کا تصور خودی اپنا کر نوجوان اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کا علم و عرفان حاصل کر سکتے ہیں۔ آج کی تیز رفتار دنیا میں اگر ہمیں ایک باوقار اور خود مختار قوم کی حیثیت سے زندہ رہنا ہے تو ہمیں ایک بار پھر بانیان پاکستان کے افکار و نظریات کی روشنی میں قومی و ملکی سلامتی کے تقاضے پورے کرنا ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن