• news

مسائل کا سبب دین سے دوری اعلی اخلاق مخلوق کی خدمت سے کامیابی ملے گی علماء اکرام


رائے ونڈ (این این آئی) رائے ونڈ عالمی تبلیغی اجتماع کی مختلف نشستوں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالرحمان، مولانا محمد اسماعیل، مولانا زبیر الحسن نظام الدین (بھارت)، مولانا احمد لاٹ آف انڈیا ودیگر نے کہا ہے کہ دنیا آخرت کی کھیتی ہے۔ یہاں جو کچھ بوئیں گے وہی آگے جاکر کاٹیں گے۔ اپنی جان، اولاد، مال کو دین کیلئے وقف کریں۔ اپنے گھروں میں اسلام نافذ کریں۔ اپنے دلوں کو قرآن حکیم کی تلاوت سے روشن کریں  تو دنیا کی تکلیفوں اور مصیبتوں سے نجات مل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں آنے کی ترتیب ہے جانے کی ترتیب نہیں۔ جوان اولاد کو بوڑھے والدین کندھا دیتے نظر آتے ہیں۔ وقت کو قیمتی جانیں، مساجد کو آباد کریں۔ اعمال کریں اور مسلمان کی قدر کریں،۔ اپنے اعلیٰ اخلاق کے ذریعے دین کو پھیلائیں، اچھے اخلاق والا روز محشر نبی مکرمؐ کے ساتھ ہوگا۔ اپنے اخلاق، معاملات اور اعمال کی بہتری کیلئے دین کے ماحول کو اپنائیں۔ مساجد میں وقت دیں۔ اولادوں کو دین سکھائیں، نماز کی پابندی کو معمول بنالیں۔ اپنے ناراض رب کو منانے کیلئے رات کی تنہائیوں میں اٹھیں، تہجد کا اہتمام کریں۔ دنیا وآخرت کی کامیابیاں مقدر ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا میں جو افراتفری پھیلی ہوئی ہے، آفات، مصائب کے جو پہاڑ ٹوٹ رہے ہیں اس کا سبب صرف اور صرف دین سے دوری ہے۔ انسان اپنی کامیابی مال میں سمجھ رہا ہے، مال کمانے کیلئے کسی چیز کو خاطر میں لانے کو تیار نہیں ہے۔ حرام، حلال کی تمیز کریں۔ قرآن حکیم میں اللہ رب العزت نے زمانے کی قسم اٹھا کر کہا ہے کہ انسان گھاٹے میں ہے۔ صرف وہی انسان فلاح و نجات کا حقدار ہوگا جو اللہ کی خوشنودی اور آقائے کائنات کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہو گا۔ دنیا کی کامیابی کو مال میں سمجھنے والے بے وقوف ہیں۔ اصل کامیابی اعمال میں ہے۔ نیک، صالح اعمال کی بدولت اللہ کو راضی کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دین کا کام کرنے والے اللہ کے پسندیدہ بندے ہوتے ہیں۔ رات کی تاریکیوں میں اٹھ کر رب کو منانا اور دن کی روشنی میں اسکی مخلوق کی خدمت کرنے سے کامیابی کے راستے کھلیں گے۔ آج وقت گزر رہا ہے اس نے گزرنا ہی ہے۔ کیوں نا اس وقت کو قیمتی بنالیا جائے۔ وقت کو قیمتی بنانے کیلئے نیک، صالح اعمال کرنا ہونگے۔ اپنے دلوں میں رب کا خوف اور مخلوق کی خدمت کا جذبہ پیدا کرنا ہوگا تو کامیابی قدم چومے گے۔ عالمی تبلیغی اجتماع کے دوسرے مرحلے میں جمعہ کے روز شرکاء کی تعداد 7لاکھ سے تجاوز کرگئی۔
رائے ونڈ اجتماع

ای پیپر-دی نیشن