کرئونا شکل بدلنے لگا سردیوں میں شدت بڑھ سکتی سنگین چیلنجز پیدا ہو سکتے ہیں
بیجنگ‘ اسلام آباد (شنہوا+ نامہ نگار) چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس اپنی شکل بدل رہا ہے۔ سردیوں میں اس کی شدت بڑھ سکتی ہے اور اس سے سنگین چیلنجز پیدا ہو سکتے ہیں۔ چین کے صدر اورکمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی)کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری شی جن پنگ کی زیر صدارت سی پی سی کے پولیٹیکل بیورو کی قائمہ کمیٹی کا گزشتہ روز اجلاس ہوا، جس میں کوویڈ19 کی روک تھام اور کنٹرول سے متعلق رپورٹ کا جائزہ اور اس سلسلے میں کوششوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے 20 اقدامات کا تعین کیا۔ شی جن پنگ نے اجلاس سے خطاب بھی کیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ عالمی وبا اب بھی پھیلی ہوئی ہے اور ملک میں یہ وبا بار بار سر اٹھا رہی ہے۔ سردیوں اور بہار کے دوران وائرس اور آب و ہوا کی تبدیلی کی وجہ سے، وبا کا دائرہ اور پیمانہ مزید پھیل سکتا ہے، جس سے روک تھام اور کنٹرول کے کاموں میں سنگین چیلنجز پیدا ہوسکتے ہیں۔ اس کے لیے مضبوط سٹرٹیجک عزم کو برقرار رکھتے ہوئے تمام متعلقہ شعبوں میں بہترکام کرنا ہوگا۔ بیرون ملک سے آنے والے کیسز اور اندرون ملک وبا کے دوبارہ سر اٹھانے کو روکنے کی عمومی حکمت عملی کو پختہ طور پر عملی جامہ پہنانے اور صفر کوویڈ کی متحرک عمومی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ وبا کے خلاف موثر ردعمل، معاشی استحکام اور محفوظ ترقی کو یقینی بنانے کے لیے، معاشی اور سماجی ترقی کے ساتھ کوویڈ-19 کی روک تھام کی کوششوں کو موثر طریقے سے مربوط کرنا ہوگا، عوام کا تحفظ اور صحت کی انتہائی حفاظت کرتے ہوئے معاشی اور سماجی ترقی پر وبا کے اثرات کو کم کرنا ہوگا۔ دوسری طرف ملک بھر میں گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران 5ہزار 501 کرونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ جمعہ کو این آئی ایچ کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق 41 افراد کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ اس طرح اس مدت میں مثبت کرونا ٹیسٹ کی شرح 0.75فیصد رہی ہے۔ اس دوران کرونا وائرس سے کو ئی مریض جاں بحق نہیں ہوا تاہم 55 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
کرونا