شیخوپورہ: بچے کا ڈائپر تبدیل نہ کرنے پر 8 سالہ ملازمہ پر تشدد‘ گرم سلاخیں لگائیں
شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت/ نمائندہ خصوصی) شیخوپورہ کے پوش علاقہ شامی روڈ پر ٹرانسپورٹر نے اپنی 8 سالہ ملازمہ کو محض اس لیے تشدد کا نشانہ بنایا کہ اس نے ڈائپر تبدیل کرنے میں تاخیر کی کمسن ملازمہ کا سرپھوڑنے کے علاوہ سلاخیں گرم کرکے اس کے جسم پر لگاتے رہے‘ کمسن ملازمہ کی چیخیں سن کر اہل علاقہ نے پولیس کو اطلاع دی جنہوںنے بچی کو اپنے قبضہ میں لیکر ٹرانسپورٹر کو گرفتار کر لیا۔ معروف ٹرانسپورٹر شیخ شہزاد نے 2 سال قبل قلعہ ستار شاہ کے پرویز نامی شخص کی 8 سالہ بیٹی فضہ کو ملازمہ رکھا اور معمولی غلطیوں پر اسے تشدد کا نشانہ بناتا رہتا۔ پولیس نے چھاپہ مارا تو ملزمان نے کسی اور بچی کو پیش کردیا۔ علاقہ مکینوں کے اصرار پر جب تلاشی لی گئی تو ایک کمرہ میںبند فضہ کو بازیاب کرلیا گیا 8 سالہ فضہ کے مطابق مالک شہزاد اور مالکن ربعیہ نے بری طرح تشدد کیا۔ گرم سلاخوں کے نشانات بچی کے جسم پر موجود ہیں۔ کمسن فضہ کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو لاہور کے حوالے کردیا گیا ہے۔