کاروبار میں آسانیاں، سرمایہ کاری کا فروغ اولین ترجیح ہے: اسحاق ڈار
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) دبئی میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈارسے دبئی اسلامی بنک، عجمان بنک، امارات این بی ڈی سمیت کلیدی کمرشل بنکوں کی انتظامیہ نے ملاقات کی۔ یہ تمام بنک پاکستان اور وزارت خزانہ سے تجارتی لین دین کے حامل بنکس ہیں۔ بنکوں کی انتظامیہ نے موجودہ حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہارکیا اورحکومت کو مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ وزیر خزانہ نے بنکوں کے انتظامی عہدیداروں کو پاکستان میں کاروبار، تجارت اور سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کے ضمن میں حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کاروبار میں آسانیاں اورسرمایہ کاری کا فروغ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔