ایشیائی بنک بلیو لائن منصوبے کیلئے تعاون کرے گا : وزیراعلیٰ نے مساجد واسا سے چارجز کی وصولی روک دی
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی اور مونس الٰہی سے ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے کنٹری ڈائریکٹر یونگ یی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں پنجاب میں ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے تعاون سے جاری مختلف منصوبوں پر پیشرفت اور لاہور میں بلیو لائن انڈر گراؤنڈ پراجیکٹ شروع کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پنجاب حکومت اور ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے درمیان بلیولائن انڈر گراؤنڈ پراجیکٹ کے حوالے سے تعاون پر اصولی اتفاق کیا گیا۔ ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے کنٹری ڈائریکٹر نے بلیو لائن انڈر گراؤنڈ پراجیکٹ کے لئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ قصور سے بہاولنگر تک ستلج کوریڈور پراجیکٹ کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ بلیو لائن انڈر گراؤنڈ پراجیکٹ شروع کرنے کے لئے ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے تعاون کے خواہاں ہیں۔ ایشین ڈویلپمنٹ بنک پنجاب حکومت کا ایک اہم پارٹنر ہے۔ میں نے اپنے سابق دور میں ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے تعاون سے انڈر گراؤنڈ ٹرین چلانے کا منصوبہ بنایا۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے میرے منصوبے کو سیاسی تعصب کی نذ رکردیا اور میٹروبس سروس شروع کر کے لاہور شہر کا حسن تباہ کیا۔ مسلم لیگ (ن) کی سابق صوبائی حکومت نے ذاتی مفادات کی بنیاد پر ٹرانسپورٹ کے منصوبے بنائے۔لاہو رکو انڈر گراؤنڈ ٹرانسپورٹ سسٹم کی پہلے بھی ضرورت تھی او راب زیادہ ضرورت ہے۔ ہمیں خوشی ہوگی کہ ایشین ڈویلپمنٹ بنک بلیو لائن انڈر گراؤنڈ پراجیکٹ کیلئے تکنیکی معاونت فراہم کرے۔ ہماری حکومت نے عوام کو ٹرانسپورٹ کی جدید اور عالمی معیار کی سفری سہولتیں فراہم کرنے کیلئے بلیو لائن پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ لاہور کے شہریوں کو بہترین بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور ایل ڈی اے کی سکیموں میں شہری سہولتوں کی بہتری کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کریں گے۔ ایل ڈی اے گورننگ باڈی کے چھٹے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے واسا کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے واسا کو روایتی انداز ترک کر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا ہوگا۔ صاف پانی اور سیوریج سسٹم کی بہتری عوام کا بنیادی حق ہے۔ وزیراعلیٰ نے واسا کو مساجد سے سیوریج چارجز وصول کرنے سے روک دیا۔ اجلاس میں نئے سکولوں کی تعمیر کیلئے قواعد و ضوابط میں ضروری رد و بدل کی منظوری دی گئی۔ نئے سکولوں کے لئے ورٹیکل ہائیٹ 48فٹ مقرر کی گئی اور سکول 30فٹ سے کم روڈ پر نہیں بنائے جا سکیں گے۔ اجلاس میں واسا کے لئے لیگل ایڈوائزر،کنسلٹنٹ اور لاء فرم کے لئے قوانین میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے ایل ڈی اے کے انجینئرزکے الاؤنس سے متعلقہ ایشو طے کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ایل ڈی اے کے ٹیوب ویل آپریٹرز کی پوسٹوں کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری دی گئی۔ گریڈ 2 سے گریڈ 7 میں کام کرنے والے ٹیوب ویل آپریٹرز کو گریڈ5 سے گریڈ 8ملے گا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر لیگل، ریکوری، ریونیو، فنانس او راسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن کی پروموشن کا طریقہ کار طے کرنے اور ایل ڈی اے کے ڈاکٹرز کو پروفیشنل اور نان پریکٹسنگ الاؤنس دینے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پرائیویٹ رہائشی سکیموں سے نئی شرح سے سیوریج چارجز لئے جائیں گے۔ اپارٹمنٹس میں پارکنگ اور روف گارڈننگ کے قوانین پر عملدرآمد لازمی قرار دے دیا گیا۔ ایل ڈی اے ایونیوون کے ترمیم شدہ لے آؤٹ پلان کی منظوری دی گئی اور ایل ڈی اے سکیموں میں متنازع امور طے کرنے کیلئے سیٹلمنٹ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی۔ پرویز الٰہی نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میچ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں قومی کرکٹ ٹیم کی فتح کیلئے دعا گو ہوں۔ عمران خان کی کپتانی میں پاکستان نے 1992ء کا ورلڈ کپ جیتا اور انشاء اللہ اب بابراعظم کی قیادت میں قومی ٹیم ورلڈ کپ جیت کر وطن لوٹے گی۔