• news

عمران حملہ‘ ارشد شریف قتل‘ چیف جسٹس کی جوڈیشل کمشن کیلئے مشاورت حتمی مرحلے میں داخل

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ خبر نگار) چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال کی عمران خان حملہ اور ارشد شریف قتل کیس میں جوڈیشل کمشن کی تشکیل کیلئے ساتھی ججز سے مشاورت حتمی مراحل میں داخل ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں موجود تمام ججزسے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس عائشہ ملک سے پیر کو مشاورت ہو گی۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اسلام آباد سے اور جسٹس عائشہ ملک پاکستان سے باہر ہیں۔ ذرائع سپریم کورٹ نے کہا کہ نئے تعینات ہونے والے ججز سے بھی پیر کو ہی مشاورت کا امکان ہے، مشاورت مکمل ہونے پر چیف جسٹس وزیراعظم کے خطوط کا جواب دیں گے۔ دوسری طرف پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز نے ارشد شریف شہید کی میت کی تصاویر لیک ہونے کے معاملہ پر انکوائری کمیٹی قائم کر دی۔ جمعہ 11 نومبر کو جاری آفس آرڈر نمبر /PimsF.1-4/2022(HD) کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیکل ڈاکٹر نوید اے شیخ  انکوائری افسر مقرر کرتے ہوئے فوری معاملہ پر تفتیش کر کے تصاویر لیک کرنے والے سرکاری ملازمین کی نشاندہی اور اس عمل میںملوث افراد کے خلاف مجاز اتھارٹی کی اجازت سے پیڈا ایکٹ کے تحت کاروائی کی ہدایت دی گئی۔ تمام ممبر بورڈز کے علاؤہ پانچ انڈیویولز کو 14 نومبر کو انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن