• news

ڈینگی پر مسلم لیگ ن کا سیاست کرنا افسوسناک ہے: ڈاکٹر اختر ملک


لاہور ( نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ ن لیگی قیادت کی جانب سے ڈینگی ایشو پر سیاست کرنا نہایت افسوسناک ہے۔موجودہ حکومت نے حمزہ شہباز کی حکومت کے مقابلے میں ڈینگی کی روک تھام کے لئے زیادہ موثر اقدامات اٹھائے ہیں جس کیوجہ سے ڈینگی کیسز میں شرح اموات نہایت کم ہے۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک نے سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ صوبائی ڈینگی مانیٹرنگ کمیٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کے ساڑھے تین ماہ میں 2 کروڑ 4 لاکھ ڈینگی سرویلنس سرگرمیاں، ایک لاکھ IRS اور 7 ہزار فوگنگ سرگرمیاں رپورٹ ہوئیں جبکہ ہمارے گزشتہ تین ماہ کے دوران 7 کروڑ 92 لاکھ ڈینگی سرویلنس، ایک لاکھ 85 ہزار IRS اور ایک لاکھ فوگنگ سرگرمیاں کی گئیں۔ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں زیادہ بارشیں ہونے کے باوجود رواں سال میں ڈینگی کی صورتحال کافی بہتر ہے اور پنجاب میں 38 مریض جاں بحق ہوئے جبکہ گزشتہ برس ڈینگی کی 98 اموات رپورٹ ہوئیں۔ڈاکٹر اختر ملک نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ درجہ حرارت میں کمی کے بعد انڈور سرویلنس کر مزید تیز کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن