لانگ مارچ سے سعودی ولی عہد کا دورہ ملتوی ہوا : خواجہ آصف
اسلام آباد (این این آئی) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ اور دھرنے کے اعلان کی وجہ سے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان ملتوی ہوا ہے۔ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ عمران خان نے پہلے دھرنے پہ 7 سال قبل چینی صدر کا دورہ کینسل کروایا تھا، اب 21 نومبر والے دھرنے کے اعلان سے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم کا دورہ ملتوی ہوا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سوائے اپنے مفادات کے کوئی سوچ نہیں رکھتا، اس کے نزدیک ملک و قوم کے مفادات کے کوئی معنی نہیں، یہ شخص ملک کے خلاف ایجنڈا پہ کام کر رہا ہے۔ اس کے جواب میں تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد کا دورہ تحریک انصا ف کے لانگ مارچ کی وجہ سے منسوخ نہیں ہوا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی وجہ سے یہ دورہ منسوخ نہیں ہوا، ہم نے کسی کو تھریٹ نہیں دیا، ہر جمہوریت میں احتجاج ہوتا ہے، یہ بہانہ احمقانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے محمد بن سلمان سے بہت اچھے تعلقات ہیں۔ سابق سفیر عبدالباسط نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ بظاہر یہ اندرونی صورتحال کی وجہ سے بیرون ملک تعلقات متاثر ہونے کا کیس ہے، یہ دورہ انتہائی اہم تھا، یہ کہنا مشکل ہے کہ اسے دوبارہ جلد ری شیڈول کیا جاسکے گا، یہ اچھی پیشرفت نہیں۔