سکھ یاتری گوردوارہ دربار صاحب پہنچ گئے‘ بہترین انتظامات پر پاکستان کا شکریہ
لاہور‘ شکر گڑھ‘ ایمن آباد (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگاران) سکھ مذہب کے بانی بابا گورونانک کے 553 ویں جنم دن کے موقع پر بھارت سمیت دنیا بھر سے پاکستان آئے سکھ یاتری گزشتہ روز گوردوارہ دربار صاحب پہنچ گئے۔ یہاں انہوں نے اپنی مذہبی رسومات ادا کیں اور بہترین انتظامات کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ حکومت پاکستان کی طرف سے کرتار پور اور گوردوارہ دربار صاحب کی تزئین و آرائش اور سہولتوں کا جائزہ لیکر خوشی کا اظہار کیا۔ یاتریوں کا کہنا تھا کہ کرتارپور کو دیکھ کر دل کو سکون ملتا ہے۔ یاتریوں اور مقامی افراد نے اس موقع پر پاکستان زندہ باد اور سکھ مسلم دوستی زندہ باد کے نعرے بلند کیے۔ کرتار پور پہنچنے پر ڈپٹی کمشنر نارووال محمد شاہ رخ نیازی، ڈی پی او نارووال عمران رزاق سردار اندرجیت سنگھ ممبر پاکستان گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے ہمراہ سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہا اور پھولوں کے ہار پیش کئے گئے۔ یاتریوں کو گوردوارہ صاحب کی تعمیر کے حوالے سے ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ سکھ رہنماؤں کا یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواہش ظاہر کی کہ دونوں ہمسایہ ممالک کو اپنے ویزوں کی شرائط میں نرمی کرنی چاہیے تاکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان پیار و محبت میں مزید اضافہ ہو۔ اس موقع پر شرومنی گردوارہ پربندھک کمیٹی اندیا کے پارٹی لیڈر پریت سنگھ، دلجیت سنگھ دہلی سکھ گوردوارہ مینجمنٹ کمیٹی، شرنجیت سنگھ جتھہ لیڈر ہریانہ کمیٹی، شمیشیر سنگھ جتھہ لیڈر کشمیر کمیٹی سمیت انڈیا کی مختلف ریاستوں اور علاقوں کی سنگتوں اور جتھوں کے عہدیداران نے بھی بہترین انتظامات پر پاکستان گورنمنٹ کا شکریہ ادا کیا۔پاکستان آنے والے 2409 سکھ زائرین پربندھک کمیٹی کے پردھان امیر سنگھ اور ڈپٹی سیکرٹری اوقاف کی قیادت میں گوردوارہ روڑی صاحب آئیں گے جہاں وہ مذہبی رسومات ادا کریں گے۔