• news

پاکستان کو شکست انگلینڈ ، ٹی ٹونٹی کا دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بن گیا 

لاہور (سپورٹس رپورٹر) انگلینڈ نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر نیا عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ انگلینڈ نے دوسری مرتبہ ٹی ٹونٹی کا عالمی کپ جیتا ہے ۔ میلبورن میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں انگلینڈ نے مطلوبہ 138 رنز کا ہدف ایک اوور قبل 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ پاکستان کو ہدف کے دفاع  میں پہلی کامیابی جلد مل گئی تھی جب  ایلکس ہیلز کو شاہین شاہ آفریدی نے اپنے پہلے ہی اوور کی آخری گیند پر بولڈ کر دیا، 32 کے مجموعے پر فل سالٹ کو حارث رئوف نے پویلین بھیج دیا۔ کپتان جوز بٹلر نے ایک چھکا اور دو چوکے لگائے مگر انہیں مزید خطرناک بننے سے قبل حارث رئوف نے وکٹوں کے عقب میں رضوان کے ہاتھوں کیچ کرا کے واپسی کا پروانہ تھمایا۔ چوتھی کامیابی ہیری بروک کی وکٹ کی صورت میں ملی جس کو شاداب خان کی گیند پر شاہین شاہ نے کیچ آئوٹ کیا۔ اس موقع پر میچ میں سنسنی پیدا ہوگئی تھی تاہم شاہین شاہ ہیری بروک کا کیچ لینے کے دوران زخمی ہونے کے باعث اپنے کوٹے کے اوور مکمل نہ کرا سکے اور کوٹے کے تیسرے اوور کی پہلی گیند کرانے کے گرائونڈ سے واپس چلے گئے جو میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا، شاہین شاہ کا ادھورا اوور مکمل کرانے کیلئے افتخار احمد آئے اور 5 گیندوں پر 13 رنز دیئے۔ محمد وسیم جونیئر کے اوور میں انگلش بیٹرز نے تین چوکوں کے ساتھ اس اوور میں 18 رنز بٹور کر ہدف تک رسائی کو آسان تر بنا دیا۔ انیسویں اوور میں محمد وسیم نے معین علی کو بولڈ کردیا تاہم اس وقت تک بازی ہاتھ سے نکل چکی تھی اور انگلینڈ کو میچ جیتنے کیلئے صرف 6 رنز درکار تھے‘ معین علی نے 12گیندوں پر 19رنزبنائے۔ بین سٹوکس نے ناقابل شکست 52 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، کپتان جوز بٹلر نے 17 گیندوں پر 26 رنز بنائے۔ محمد حارث نے دو وکٹیں حاصل کیں، شاداب خان، محمد وسیم، شاہین آفریدی نے ایک ایک کھلاڑی آئوٹ کیا۔ اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان نے 8 وکٹوں پر 137 رنز بنائے۔ شان مسعود 38 رنز‘ کپتان بابر اعظم 32 اور شاداب خان 20 رنز بناکر نمایاں رہے۔ محمد رضوان پندرہ ‘محمد حارث آٹھ‘ افتخار احمد صفر ، شاداب خان بیس ‘ محمد نواز پانچ ‘محمد وسیم چار‘ شاہین آفریدی پانچ اور حارث رئوف آٹھ رنز بناسکے۔ سیم کرن نے 3 ‘ عادل رشید ‘ کرس جورڈن نے دو دوجبکہ کرس ووکس نے ایک وکٹ حاصل کی۔ سیم کرن کو میچ اور ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن