عمران پر حملہ‘ پی ٹی آئی کے تمام ارکان اسمبلی آج سپریم کورٹ درخواست دائر کریں گے: فواد
لاہور‘ اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے تمام ارکان اسمبلی عمران خان پر حملے کا مقدمہ درج کرانے کیلئے آج سپریم کورٹ میں درخواست دیں گے۔ تمام ممبران قومی اور صوبائی اسمبلی متعلقہ رجسٹری میں پیش ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی توجہ بذریعہ درخواست اس طرف دلائی جائے گی کہ ایک ہفتہ گزرنے کے بعد بھی ملک کے سابق وزیرعظم پر قاتلانہ حملے کی ایف آئی آر درج نہیں ہو رہی۔ فواد چودھری نے کہا ہے ملک میں استحکام تقرریوں سے نہیں‘ الیکشن سے آنا ہے۔ زمان پارک لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پانچ دن سے لندن میں بیٹھے ہیں۔ یہ لوگ تقرریوں کو متنازعہ بنا رہے ہیں۔ جیسا یہ لوگ کر رہے ہیں‘ ایسا نہیں ہونا چاہئے۔ ترجمان وزیراعلیٰ و حکومت پنجاب مسرت جمشید چیمہ نے ٹویٹ کیا ہے کہ پنجاب کی پارلیمانی پارٹی اور سینئر قیادت آج صبح 10 بجے لاہور رجسٹری میں پیش ہوں گے۔ ملک کی سب سے بڑی جماعت کے لیڈر پر قاتلانہ حملہ کی ایف آئی آر درج کروانے کیلئے سپریم کورٹ سے استدعا کریں گے۔ اس وقت عوام کا قانون اور اداروں سے اعتماد اٹھتا جا رہا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ چیئرمین پر قاتلانہ حملہ کی شفاف تحقیقات ہوں۔ ارشد شریف کی شہادت اور اعظم سواتی کے خلاف ہونے والے ٹارچر اور سائفر کی تحقیقات کی جائیں۔