خرم نواز گنڈاپور نے سیلاب متاثرین میں نئے گھروں کی چابیاں تقسیم کیں
لاہور (خصوصی نامہ نگار) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے منہاج ویلفیئر فاﺅندیشن کی طرف سے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے تعمیر نوپراجیکٹ کے تحت پہلے مرحلہ میں بستی کاشانی، فاضل پور، جنوبی پنجاب میں متاثرہ خاندانوں میں نئے تعمیر شدہ گھروں کی چابیاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر منہاج ویلفیئر فاﺅنڈیشن کے کوآرڈی نیٹر ثنااللہ،نائب ناظم اعلیٰ سردار شاکر خاں مزاری سمیت منہاج ویلفئیر فاونڈیشن کے مرکزی و مقامی ذمہ داران موجود تھے۔خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاﺅنڈیشن نے سیلاب متاثرین کی مدد کی بحالی کا جو وعدہ اور عزم کیا تھا،آج اس وعدہ کو ایفا کرنے کی توفیق سے بہرہ مند ہوئی ہے۔تعمیر نو پراجیکٹ کے تحت مزید یونٹ مکمل کر لیے جائیں گے منہاج ویلفیئر فاﺅنڈیشن اور ڈونرز نے خدمت خلق اور مواخات مدینہ کی مثال کو ایک بار پھر تازہ کردیا ہے۔منہاج ویلفیئر فاﺅنڈیشن کا یہ عزم ہے کہ اگلے دو سالوں میں 500 یونٹ تعمیر کیے جائیں گے۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ گھر بنا کر دینے کے ساتھ ساتھ روز مرہ کے استعمال کی مکمل اشیا اور موسم سرما کی آمد کے پیش نظر گرم کپڑے اور رضائیاں بھی دے رہے ہیں۔