فوج مخالف مہم سے بھارت میں خوشی منائی جا رہی ہے، اشرف آصف جلالی
لاہور (خصوصی نامہ نگار)تحریک لبیک یارسول اللہ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہاہے کہ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکلوانے میں افواجِ پاکستان کا بنیادی کردار ہے۔ پاکستان میں فوج کے خلاف منفی پروپیگنڈے سے بھارت میں خوشی کے شادیانے بجائے جا رہے ہیں۔ نیو جنریشن کا ذہن سرحدوں کے محافظوں کے خلاف کرنے کا دھندا کسی لحاظ سے بھی پاکستان کے مفاد میں نہیں۔ ماضی کی طرح آج بھی اقتدار کے مجنوں اپنی لیلیٰ کی خاطر پاکستان کے نہایت منظم اور مستحکم ادارے کے خلاف ہرزہ سرائی میں مصروف ہیں۔ اپنے اقتدار کی خاطر ملک کی محافظ قوتوں کے خلاف شکوک و شبہات پھیلانا بھارت کو سپورٹ کرنے کے مترادف ہے۔