• news

پی ٹی آئی لانگ مارچ میں آتشبازی، پنجاب کابینہ لااینڈ آرڈر کا سخت نوٹس 


لاہور(نیوزرپورٹر)پنجاب کابینہ کمیٹی لا اینڈ آرڈر نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران بعض مقامات پر آتشبازی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئندہ اس کے سدباب کی ہدایت کی ہے۔ کمیٹی کا اجلاس اتوار کو سول سیکرٹریٹ میں صوبائی وزیر پارلیمانی امور محمد بشارت راجہ کی زیر صدارت ہوا۔ چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل، قائم مقام آئی جی پولیس اور دیگر افسروں نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔اجلاس میں صوبے کی امن و امان کی مجموعی صورتحال اور لانگ مارچ کی سکیورٹی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ لانگ مارچ کا ایک حصہ جی ٹی روڈ پر اور دوسرا فیصل آباد ڈویژن میں گامزن ہے۔ فیصل آباد میں 3500 پولیس اہلکاروں کو سکیورٹی کےلئے تعینات کیا گیا ہے۔ چیئرمین کمیٹی محمد بشارت راجہ نے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسر اور اہلکار سونپی گئی ذمہ داری احسن انداز میں پوری کر رہے ہیں۔ قائم مقام آئی جی پنجاب نے متعلقہ ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ دوران ڈیوٹی پولیس اہلکاروں کے لئے کھانے کا تسلی بخش انتظام کیا جائے۔ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کی رپورٹ پر کمیٹی نے لانگ مارچ میں ریڑھیوں سمیت غیر متعلقہ افراد کی نقل و حرکت روکنے کا فیصلہ کیا۔ صوبائی وزیر محمد بشارت راجہ نے کہا کہ راولپنڈی میں لانگ مارچ کی آمد کی تاریخ اور پلان کا تعین قبل از وقت کیا جائے گا۔ پی ٹی آئی قیادت سے رابطہ کر کے پلان کا حتمی فیصلہ کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن