عمران خان کی مسلسل جدوجہد سے عوام میں سیاسی شعور بیدار ہوا: ہمایوں اختر
لاہور(نیوزرپورٹر)تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا کہ عمران خان کی مسلسل جدوجہد کی وجہ سے عوام میں سیاسی شعور بیدار ہوا ہے ، ملک کے تمام مسائل کا یک نکاتی حل صاف اور شفا ف انتخابات کا انعقاد ہے اس لئے بلا تاخیر اس جانب پیشرفت ناگزیر ہے ،ملک جن مسائل سے دوچار ہے ان کے حل کیلئے پاکستان تحریک انصاف نے تیاریاں اور پالیسیوں پر کام شروع کر دیا ہے۔ اپنے بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ جمہوری نظام تب ہی پھلتا پھولتا ہے جس میں انصاف ،احتساب اور شفافیت کا کڑا نظام ہو ،اس کے بغیر معاشرے تباہ ہو جاتے ہیں۔ حالیہ چند برسوں میں عوام نے ثابت کیا ہے کہ وہ سیاسی طو رپربا شعور ہو چکے ہیں ، آج لوگ حکمرانوں اور سیاستدانوں سے ان کی کارکردگی پوچھتے ہیں۔ پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے اس لئے اس کی بنیادیں مضبوط کرنے کی ضرورت ہیں۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ تحریک انصاف کا واحد مطالبہ صاف اور شفاف انتخابات ہیں ، اگر موجودہ حکومت حقیقت میں ڈلیور کر رہی ہوتی عمران خان کے جلد از جلد نئے انتخابات کے مطالبے کو پذیرائی نہ ملتی لیکن آج عوام سڑکوں پر نکل کر عمران خان کے مطالبے کی توثیق کر رہے ہیں۔