75 برس میں اتنا نقصان دشمن نے نہیں کیا جتنا حکمرانوں نے: سراج الحق
لاہور‘ شیخوپورہ‘ فیروزوالا(نامہ نگارخصوصی+ نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ قیام پاکستان کے بعد اب تک 75 سالوں میں اتنا نقصان دشمن نے نہیںکیا جتنا حکمرانوں نے کیا ہے۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی لڑائی پسے ہوئے محروم طبقات، ملک وقوم کے مفاد کیلئے نہیں بلکہ یہ کرسی کے حصول کی لڑائی ہے۔ آرمی چیف کی تقرری میرٹ اور سنیارٹی پر ہونی چاہئے۔ وزیراعظم کا اختیام ختم ہونا چاہئے۔ سیاسی کھلونوںکی چابی جی ایچ کیو میں ہے۔ تمام ادارے بے توقیر ہو کر رہ گئے ہیں، موجودہ مسائل اور بحرانوں سے نکلنے کیلئے تمام سیاسی اکائیوں کو ایک پیج پر آنا ہو گا۔ آئین کی سول بالادستی، قانون کی حکمرانی، الیکشن کمشن کو بااختیار اور مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امیر جماعت اسلامی ضلع شیخوپورہ رانا تحفہ دستگیر خاں کی بیٹی کی شادی کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر لیاقت بلوچ‘ اظہر اقبال حسن ‘جاوید قصوری، غلام رسول بھٹی، چودھری محمد توصیف، پیر ارشد ہاشمی، ڈاکٹر رائے الطاف حسین کھرل، رانا لیاقت علی، حافظ عرفان اسحق گجر، قیصر مختار ہاشمی، عمران عثمانی و دیگربھی موجود تھے۔ سراج الحق نے کہاکہ عمران خان پر حملہ کے ذمہ دار وفاقی اور صوبائی حکومتیں ہیں۔ پاکستان کے فیصلے واشنگٹن یا لندن میں نہیں پاکستان میں ہونے چاہییں جبکہ عوام کو اب فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ ملک میں حقیقی تبدیلی اور ووٹ کے تقدس کی بحالی کیلئے کسی بھی جماعت کو سپورٹ کریں گے۔ محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ شیخوپورہ میں اربوں روپے کی کرپشن پکڑے جانے کے اب پنجاب بھر میں قبرستانوں اور گرجا گھروں کی مرمت کاغذی طور پر کروانے اور فرضی چار دیواریاں بنانے والے مافیا کو بھی فوری طور پر پکڑنے کی ضرورت ہے۔ حکمرانوں نے پاکستانیوں کے 75 سال ضائع کر دیئے۔ حکومت سے سیلاب فنڈز کا حساب لیں گے۔ الیکشن کمشن پر جماعتوں کا اعتماد نہیں اور عوام کا ایوان پر اعتماد نہیں رہا۔ ملک میں قوم کی بہتری کیلئے کوئی قانون سازی بھی نہیں ہو رہی۔ وقت کی ضرورت ہے کہ سول بالادستی آئین پر عملدرآمد کیلئے تمام سیاسی جماعتیں نئے سوشل کنٹریکٹ کے تحت ڈائیلاگ کریں۔ عمران خان سمیت کئی لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ اس واقعہ کی آزادانہ تحقیقات ہونی چاہئے۔ سراج الحق نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے ہی دراصل پہلے پی ٹی آئی اور پھر پی ڈی ایم کی حکومت قائم کی ہے۔ یہ وہی لوگ ہیں جوگزشتہ 75 سال سے نظریہ کے ساتھ بے وفائی کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف اضلاع کے ذمہ داران کی تربیتی ورکشاپ‘ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ مارشل لاز اور نام نہاد جمہوری ادوار کے تجربات ناکام ہو چکے ہیں۔ ملک کو اسلامی نظام کی ضرورت ہے۔
سراج الحق