• news

مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیر یوں کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے،ترک سفیر


اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان میں ترکی کے سفیر مہمت پاچا جی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں  اور کشمیر ی عوام کی خواہشات کے  مطابق حل ہونا چاہیے یہی وقت کی ضرورت ہے ،پاکستان اور ترکی کے درمیان دفاعی شعبے میں اچھے تعلقات ہیں اور یہ درست سمت پر چل رہے ہیں، اسرائیل اور ترکیہ کے تعلقات میں دس سال کی سرد مہری کے بعد بہتری آئی ہے تاہم اس کا مطلب  یہ  نہیں کہ کسی بھی سطح پر فلسطین کے مسئلے پر کوئی خلا چھوڑا جائے گا ، فلسطینیوں کے حقوق کے حصول اور مسئلہ کے منصفانہ حل کے لئے اپنے عزم سے پیچھے ہٹنے کا سوچا بھی نہیں جا سکتا ۔ترکیہ اردو کو دیئے گئے انٹرویو میں ترک سفیر کا کہنا تھا کہ یقینا ترکیہ نے ہمیشہ وہی کہا جو پاکستان کہتا ہے یعنی کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کے فیصلوں کے مطابق حل کیا جائے ۔ یہی بات پاکستان بھی کہتا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کے مطالبات کے مطابق حل ہونا چاہیے ۔ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیریوں کی امنگوں کی پاسداری میں ہے ۔ یہی وقت کی ضرورت بھی ہے ۔ ترکیہ کے اس مسئلے پر نظریات اور رویے مکمل طور پر پاکستان جیسے ہی ہیں ۔  انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان دفاعی شعبے میں اچھے تعلقات ہیں اور یہ درست سمت پر چل رہے ہیں ۔ دیگر شعبوں میں بھی دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کا آغاز ہو چکا ہے ۔ بہت سی ترک کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی ہے ۔ دونوں ممالک کے درمیان برسوں سے تعلقات قائم ہیں ۔تعلیم کے شعبے میں اس تعلق کو مزید  استوار ہونے کی ضرورت ہے ۔ بہت سے پاکستانی طلبا ترکیہ میں کئی شعبوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ترکی خطے میں مستحکم اور پر امن ملک ہے اور ہم اس بات کو جاری رکھنا چاہتے ہیں ۔ متفرق وجوہات کی بنا پر ترکیہ اور چند خلیجی ممالک کے درمیان تعلقات مطلوبہ مقام پر نہیں پہنچ سکے تھے ۔ گزشتہ چند برسوں میں ترکیہ نے ان تعلقات کو امن و استحکام کی بنیاد پر بہتر کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور ترکیہ کے تعلقات میں دس سال تک سرد مہری رہی ہے مگر ترکیہ وہ ملک تھا جس کے پہلے بھی اسرائیل کے ساتھ اعلی سفارتی اور اقتصادی سطح پر تعلقات تھے ۔ اب ترکیہ نے مسئلہ فلسطین کا بیڑہ بھی اٹھایا ہے چنانچہ اسرائیل کے ساتھ ترکیہ کے تعلقات  کا یہ مطلب نہیں کہ کسی بھی سطح پر فلسطین کے مسئلے پر کوئی خلا چھوڑا جائے گا ۔ یہ عالمی مسئلہ ہے جسے اقوام متحدہ کے فیصلوں کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے ترکیہ نے ہمیشہ فلسطینیوں کے مسئلہ فلسطین کا دفاع کیا ۔ فلسطینیوں کے حقوق کے حصول اور مسئلہ کے منصفانہ حل کے لئے اپنے عزم سے پیچھے ہٹنے کا سوچا بھی نہیں جا سکتا ۔
ترک سفیر

ای پیپر-دی نیشن