• news

کشمیری مسلم دشمن قوتوں کے سامنے کمزور نہ ہوں ، صفیں مضبوط کریں : فاروق عبداللہ 

 جموں‘ سری نگر(کے پی آئی‘ اے پی پی) جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلی  اورنیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بھارتی مسلمانوں کو مشورہ دیا ہے کہ  مسلم دشمن قوتوں کے سامنے کمزور نہ ہوں اپنی صفوں کو مضبوط کریں۔ لکھنو  میں انڈین مسلم فار سول رائٹ تنظیم کے  زیر انتظام انسانی حقوق اور ہمارا آئین کے عنوان سے منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے کہا کہ  آج مسلمان قوم ہر میدان میں پسماندہ کیوں ہے؟ اس کی بنیادی وجہ ہے کہ ہم اللہ سے دور ہوگئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلمانوں کو سب سے پہلے نفرتوں کو دفن کرنا ہے اور تمام مکتب فکر کے لوگوں کو ایک ساتھ آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں صرف بھارت میں نہیں چمکنا ہے بلکہ پوری دنیا میں چمکنا ہے۔ ہمیں تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنی ہوگی۔ جبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما غلام احمد گلزار نے کشمیریوں کی نسل کشی کو روکنے کے لیے عالمی طاقتوں اورانسانی حقوق کی تنظیموں سے مداخلت کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ فسطائی مودی حکومت کی جانب سے قتل و غارت، اندھا دھندگرفتاریاں، املاک کی ضبطی اور انسانی حقوق کی دیگر خلاف ورزیاںکشمیریوں کو اپنے مقصد سے دستبردارہونے پر مجبور نہیں کرسکتیں۔دوسری جانب ضلع کپواڑہ میں آتشزدگی کے باعث آٹھ دکانیں خاکستر ہو گئی ہیں۔پیر کو  جموں خطے کے ضلع ڈوڈہ میں ایک گاڑی دریائے چناب میں گرنے سے 3 افراد کی موت ہو گئی جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایک سرکاری افسر نے صحافیوںکو بتایا کہ محکمہ روڈ اینڈ بلڈنگز کے چاراہلکار ایک گاڑی پر سوار تھے جو اسار کے مقام پر سڑک سے پھسل کر دریائے چناب میں جاگری۔

ای پیپر-دی نیشن