• news

بلدیاتی الیکشن: اسلام آباد‘ بلوچستان میں امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) اسلام آباد بلدیاتی انتخابات میں شیڈول کے مطابق  14 نومبر 2022 کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کے نام شائع کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق بلدیاتی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کے ناموں کی فہرست متعلقہ ریٹرننگ آفیسرز کے دفاتر میں آویزاں کی گئی۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا مرحلہ 15 نومبر سے 18 نومبر تک مکمل کیا جائے گا۔ اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ 31 دسمبر کو ھو گی۔ ادھر بلوچستان کے 32 اضلاع میںکاغذات نامزدگی جمع کرانے  کے بعد ریٹرننگ افسران نے امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری کردی ہے۔ ناموں کی فہرست متعلقہ ریٹرننگ آفیسرز کے دفاتر میں آویزاں کی گئی۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا مرحلہ 15 نومبر سے 17  نومبر تک مکمل کیا جائے گا۔ بلوچستان کے ان 32 اضلاع میں خواتین کی 2082 مخصوص نشستوں پر 3263 کاغذات نامزدگی موصول ہوئے ہیں۔ اسی طرح کسان کی 902 مخصوص نشستوں پر 1820 کاغذات نامزدگی،  ورکرز کی 902 نشستوں پر 1807 کاغذات نامزدگی جبکہ غیر مسلم کی 902 نشستوں پر  316 کاغذات نامزدگی وصول ہوئے ہیں۔ شیڈول کے مطابق ریٹرننگ افسران 15 سے 17 نومبر تک ان امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کریں گے۔ پولنگ 14 دسمبر 2022کو ہوگی۔ واضح رہے کہ  لسبیلہ اور حب اضلاع میں ڈائریکٹ الیکشن میں کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی کے بعد 14 نومبر کو امیدواروں کی فہرست شائع کی گئی جبکہ لسبیلہ اور حب میں پولنگ 11 دسمبر کو ھو گی۔
بلدیاتی الیکشن

ای پیپر-دی نیشن