قبل از وقت انتخابات ملک میں عدم استحکام کا باعث ہوں گے: گورنر
لاہور؍ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار) گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہا قبل از وقت انتخابات ملک میں عدم استحکام کا باعث ہوں گے۔ اعلیٰ تعلیم کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے وہ گزشتہ روز جے یو آئی کے وفد اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف سیالکوٹ سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے یہاں ان سے ملاقاتیں کی۔ جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کی قیادت میں وفد میں مولانا امجد خان، مولانا سلیم اللہ قادری، افضل خان، حافظ فہیم الدین، محمد قاسم افضل، حافظ منظورالحسن چترالی، حافظ نصیر احرار، حافظ عمار کشمیری، حافظ یاسر اپل سمیت دیگر شامل تھے۔ ملاقات میں پنجاب کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا، مولانا عبدالغفور حیدری نے کہاکہ عوام نے نیازی مارچ مسترد کر دیا ترجمان جے یو آئی کے مطابق مولانا حیدری اور گورنر پنجاب نے کہا کہ ملکی بقاء وسلامتی کا تقاضا ہے کہ تمام ادارے اپنے آئینی حدود میں رہتے ہوئے ملک وقوم کی ترقی میں اپنا اپنا کردار ادا کریں۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف سیالکوٹ پروفیسر ڈاکٹر سعید الحسن چشتی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ سرکاری اور نجی شعبہ کے مثر اشتراک سے ملک میں تعلیم کا معیار بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ یونیورسٹی آ ف سیالکوٹ نے مختصر عرصے میں اعلی تعلیم کے شعبہ میں اچھا نام کمایا ہے۔ یونیورسٹی آف سیالکوٹ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سعیدالحسن چشتی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ انکی جامعہ کے اساتذہ اور انتظامی افسران کی محنت سے انکی جامعہ ہائیر ایجوکیشن کمشن اور بین الاقوامی رینکنگ میں اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے۔ گورنر پنجاب کو یونیورسٹی آف سیالکوٹ کے پہلے کانووکیشن میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی دعوت دی۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے اس دعوت کو قبول کیا۔
گورنر؍ ملاقات