• news

دفاعی نمائش آئیڈیاز عالمی مارکیٹ میں اہم پلیٹ فارم کی حیثیت اختیار کر گئی:شہباز شریف: کرونا ٹیسٹ پازیٹو


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا کرونا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے، 2روز سے طبیعت ناساز تھی۔ منگل کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر کے مشورے سے وزیراعظم کا آج کرونا ٹیسٹ کروایا گیا۔ عوام اور کارکنان سے وزیراعظم کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اپیل ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دفاعی نمائش آئیڈیاز عالمی دفاعی مارکیٹ میں اہم پلیٹ فارم کی حیثیت اختیار کرگئی ہے۔ منگل کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران دفاعی نمائش آئیڈیاز ایک ایسے اہم پلیٹ فارم کی حیثیت اختیارکر گئی ہے جس سے عالمی دفاعی مارکیٹ میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی پیشرفت اجاگر ہوتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 کا موضوع " امن کےلئے ہتھیار پاکستان کی امن و سلامتی کی خواہش" کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ ہمارا دفاعی شعبہ ٹیکنالوجی کے موجودہ دور کے تقاضوں کے عین مطابق ہے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ان کیلئے جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔ منگل کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے وزیراعظم کی صحت کیلئے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کرونا کے دوران احتیاط کریں، انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی آپ کو جلد صحت کاملہ عطا فرمائے۔
شہباز شریف 

ای پیپر-دی نیشن