درآمدی خام مال کی صنعتوںمیں سر گرمیاں تعطل کا شکار ہیں : امانت بشیر
لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان ٹیکس ایڈوائزر زایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ حکومت کی گو مگو پر مبنی پالیسی کی وجہ سے درآمدی خام مال کی صنعتوںمیں سر گرمیاں تعطل کا شکار ہیں جس کی وجہ سے بیروزگاری بڑھنے کا خدشہ ہے،وزیر خزانہ کے مطابق ڈالر کی اصل قیمت200روپے سے کم ہے تو سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ موجودہ حکومت کے دور میں اس کی قدر کیوںاوپر گئی اور اس سے کس نے فائدہ اٹھاکر ملک کی مشکلات میں اضافہ کیا۔ ان خیالات کا اظہارایسوسی ایشن کے سینئر رہنما چودھری امانت بشیر نے اپنے دفتر میں صنعتوں کے لئے خام مال درآمد کرنے والوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں میں جھول ہے اور یہی وجہ ہے کہ مافیاز اس سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ پاکستان میں بہت سی صنعتیں بیرون ممالک سے درآمد کئے گئے خام مال سے چلتی ہیں لیکن حکومت واضح پالیسی نہیں دے رہی جس کی وجہ سے اس سے وابستہ درآمد کنندگان مشکلات کا شکار ہیںاور ایسی صنعتوں میں سرگرمیاں تعطل کا شکار ہیں۔