• news

جی ۲۰ ممالک شرح سود کم کریں، چین: خوراک توانائی بحران کیلئے اقدامات کئے جائیں


اسلام آباد‘ بالی‘ کیف (خصوصی نامہ نگار+ اے پی پی+ نیٹ نیوز) اقوام متحدہ نے جی 20ممالک پر زور دیا کہ وہ خوراک، توانائی سمیت عالمی بحرانوں سے نمٹنے کے لیے اقدامات کی حمایت کریں۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے جی 20 سربراہی اجلاس کے موقع پر پریس کانفرنس میں جی 20 ممالک پر زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی، پائیدار ترقی، دنیا بھر میں خوراک اور توانائی کے بحرانوں اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سے نمٹنے کے لیے ان کے اقدامات کی حمایت کریں۔ انہوں نے کہا کہ جغرافیائی سیاسی تقسیم نئے تنازعات کو جنم دے رہی ہے اور پرانے تنازعات کو حل کرنا اس وقت مشکل بنا رہی ہے جب موجودہ مہنگائی اور ماحولیاتی تبدیلی سے ہر جگہ لوگ متاثر ہو رہے ہیں۔ جی 20 معیشتوں پر زور دیا گیاکہ وہ پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے محرک پیکج اپنائیں جو گلوبل ساو¿تھ کی حکومتوں کو سرمایہ کاری اور لیکویڈیٹی فراہم کرے گا، اور قرضوں میں ریلیف اور تنظیم نو کی پیشکش کرے گا۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے اچانک انڈونیشیا پہنچ گئے‘ ان کے علیل ہونے کی افواہیں دم توڑ گئیں۔ قبل ازیں سعودی ولی عہد کا نگورا رائے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر استقبال کیا گیا۔ ولی عہد نے انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو، ترک صدر طیب اردگان، برطانوی وزیراعظم رشی سونک، متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی ڈائریکٹر جنرل کرسٹالینا جارجیوا‘ چین کے صدر شی جن پنگ اور فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ برطانوی وزیراعظم نے سعودی ولی عہد سے توانائی کی منڈی کے استحکام پر تبادلہ خیال کیا۔ چین کے صدر شی جن پنگ نے جی 20 ممالک پر شرح سود میں کمی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دولت مند ممالک شرح سود میں اضافے کے سبب ہونے والے نقصانات کو روکیں۔انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں جی 20 سربراہی اجلاس کے موقع پر چینی صدر نے کہا کہ ہمیں عالمی افراط زر پر قابو پانا اور معیشت اور مالیات میں منظم خطرات کو حل کرنا چاہیے۔ یوکرائن کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے جی 20ممالک پر زور دیا ہے کہ یہ وقت روس کی تباہ کن جنگ کو ختم کرنے اور ہزاروں زندگیوں کو محفوظ بنانے کا ہے اور ایسا ممکن ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن اور طیب اردگان نے استنبول میں ہونے والے بم دھماکے اور یوکرائن سے اناج برآمد سے متعلق بین الاقوامی کاوشوں پر تبادلہ خیال کیا۔ جوبائیڈن نے استنبول میں بم حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے نیٹو اتحادی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
جی 20

ای پیپر-دی نیشن