لاہور ہائیکورٹ : سانحہ ماڈل ٹائون کی دوسری جے آئی ٹی کی تشکیل کیخلاف لارجر بنچ تحلیل
لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ میں سانحہ ماڈل ٹائون کی دوسری جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کی تشکیل کیخلاف لارجر بینچ تحلیل ہوگیا۔چیف جسٹس امیر بھٹی کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے سماعت کی۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس اور عوامی تحریک کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ بھی عدالت پیش ہوئے۔دوران سماعت بینچ کے ممبر جسٹس علی ضیا باجوہ نے سماعت سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ذاتی وجوہات کی بنیاد پر بینچ میں شامل نہیں ہوسکتا۔جس پر چیف جسٹس امیر بھٹی نے کہا کہ آئندہ سماعت کے لیے نیا لارجر بینچ تشکیل دیں گے۔درخواست گزار خرم رفیق نے نیا وکیل کرنے کے لیے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی۔ درخواست گزار نے کہا کہ اعظم نذیر تارڑ کی جگہ نیا وکیل کرنے کی مہلت دی جائے۔اظہر صدیق نے موقف اپنایا کہ بینچ میں شامل ایک جج صاحب اس کیس میں وکیل رہے ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ یہ معاملہ عدالت کے علم میں ہے آئندہ سماعت سے پہلے نیا بینچ تشکیل دیا جائے گا۔درخواست گزار نے سانحہ ماڈل ٹائون کی دوسری جے آئی ٹی کی تشکیل کو چیلنج کر رکھا ہے۔ مرکزی درخواست پولیس اہلکار رضوان قادر اور خرم رفیق کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 29نومبر تک ملتوی کر دی۔
لارجر بینچ تحلیل