• news

پاکستان ، امریکہ تجارت ، سرمایہ کاری بڑھانے کے 5 سالہ منصوبہ پر عملدرآمد شروع 


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی‘ خصوصی نامہ نگار) پاکستان اور امریکہ کے درمیان دو طرفہ تجارت کو بڑھانے  کے لئے پانچ سالہ منصوبے پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا۔ اس امریکی منصوبے کو سرمایہ کاری  کے فروغ کی سرگرمی کا نام دیا گیا ہے، اور اس پر یو ایس  ایڈ عمل کرائے گا اور امریکہ نے اس کے لئے  مالی وسائل فراہم کئے ہیں۔ منصوبے کے تحت  پاکستان کے اندر  اداروں کی صلاحیت  کو بڑھایا جائے گا، سرمایہ کاری میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔ مریکہ نے2021کے دوران پاکستان سے 5.3ارب ڈالر کی درآمدات کیں۔ اس سلسلے میں تقریب میں وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا اور پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ  بلوم نے اس منصوبے پر عمل کا افتتاح کیا۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ پانچ سالہ پروگرام کے تحت تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھایا جائے گا اور پاکستان کی معیشت کو مضبوط، کاروباری لاگت کو کم کرنے کے اقدامات سمیت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سال کے دوران نجی شعبے کے ذریعے پاکستان میں 25 لاکھ ڈالرز کی سرمایہ کاری کی جائے گی جس کی مدد سے مزید 75 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری بڑھنے کا امکان ہے جس کے بعد پاک امریکا تجارت کے حجم میں 40 لاکھ ڈالرز کا اضافہ ہوجائے گا۔ ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو کئی چیلنجز درپیش ہیں، پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات لاحق ہیں۔ معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے امریکا معاونت جاری رکھے گا۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ملک میں استحکام ضروری ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مستقبل کے بارے میں یقین ہونا ضروری ہے۔ معاشی استحکام بہت ضروری ہے۔ پاکستان کو گرین انرجی پر بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ تجارت بڑھانا چاہتا ہے۔ پاکستان اپنی معیشت کو بہتر کر رہا ہے۔ پاکستان سرمایہ کاروں کے لیے ماحول کو سازگار کر رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن